Uncategorized

مجالس پر پابندیاں، حکومت ملت جعفریہ کو انتہائی اقدام پر مجبور نہ کرے، سبطین سبزواری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں دارہ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے گوجرانوالا میں گھر کی چاردیواری کے اندر 2 علیحدہ علیحدہ مقامات میں ہونیوالی مجالس عزا پر پولیس کی طرف سے بانیان کیخلاف مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حکومت ملت جعفریہ کو انتہائی اقدام پر مجبور نہ کرے۔ لاہور میں صوبائی آفس سے جاری ایک بیان میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور اب گوجرانوالا میں مجالس کروانے پر ایف آئی آرز کا اندراج ریاستی دہشتگردی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری صدیوں سے جاری مسلمہ رسم اور سنت زینبیؑ ہے، اس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یزیدی قوتوں کا ملت جعفریہ نے ہر دور میں مقابلہ کیا ہے، چار دیواری کے اندر مجالس عزا کو روکنے پر وزیراعلٰی پنجاب وضاحت کریں کہ پولیس ان کے قابو میں ہے یا اسے کوئی اور چلا رہا ہے۔ شیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر نے کہا کہ عزاداری کی رسومات قیام پاکستان سے پہلے بھی ہوتی تھیں، کوئی اسے روکنے کی جرات نہیں کر سکتا، ہم شہادتیں دینا جانتے ہیں، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ملت جعفریہ کو دبایا جا سکے گا، ہم اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کریں گے، کچھ لوگ ڈی چوک پر تماشا لگالیں، کسی کو اعتراض نہیں ہوتا اسے جمہوری اور قانونی حق تسلیم کیا جاتا ہے، گھروں میں موسیقی کی محافل اور مجروں کو روکنے میں حکومت اور پولیس خاموش رہتی ہے، غم حسین ؑ سے کس کو اعتراض اور تکلیف ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجالس کروانے پر مقدمات کو واپس لیا جائے ورنہ انتہائی اقدام کرنے پر مجبور ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button