پاکستانی شیعہ خبریں

ہمیں میلاد کے موقع پر اسوہ رسول (ص) اپنانے کا عہد کرنا ہوگا، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام عید میلادالنبی (ص) اور ہفتہ وحدت کے سلسلے میں قائم کردہ کیمپ میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی (ص) کے پرمسرت موقع پر عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، عید میلاد کے جلوس عشق رسول (ص) کا مظہر ہیں، لہذا تمام مسلمان اتحاد و وحدت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے آقائے نامدار (ص) کے جلوس میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضور پرنور (ص) کی ذات گرامی نعمت عظمٰی ہے، ہمیں میلاد کے موقع پر اسوہ رسول (ص) اپنانے کا عہد کرنا ہوگا۔ آج دنیا بھر میں امت مصطفٰی (ص) جن مشکل حالات سے گذر رہی ہے، یہ حالات دشمنان اسلام کی سازشوں کا نتیجہ ہیں۔ آپ (ص) کا راستہ اپنا کر ہم آج بھی اقوام عالم میں ممتاز مقام حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیراہتمام عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر ہر سال کی طرح ہفتہ وحدت منایا جائے گا، جس کا مقصد امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و وحدت کا فروغ اور نفرتوں کا خاتمہ ہے۔ اب وقت آچکا ہے کہ امت مسلمہ اسلام کی دشمن سامراجی قوتوں کے مقابلے میں متحد ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ اور مجلس وحدت مسلمین کے کارکن ملک بھر میں برادران اہل سنت کے شانہ بشانہ میلاد مصطفٰی (ص) کے جلوسوں میں بھرپور طریقہ سے شریک ہوں گے اور اپنے ہاں منعقدہ میلاد کی محافل میں اہل سنت کے برادران کو دعوت دیں گے۔ شیعہ سنی، وحدت اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button