اختلافات اور انتشار کو بالائے طاق رکھ کر ملک و قوم کی خدمت کی جائے، مولانا حسین مسعودی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر مولانا حسین مسعودی نے کہا کہ اختلافات اور انتشار کو بالائے طاق رکھ کر ملک و قوم کی خدمت کی جائے۔ فیڈرل بی ایریا علماء و معززین کی مشترکہ نشست سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاسی و مذہبی جماعتیں عوام کے ساتھ مل کر شہر میں امن کے قیام کی کوششیں تیز کردیں اور عوام کی خدمت اور ان کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دیں کیونکہ اس وقت ہمارا ملک اندرونی و بیرونی خلفشار میں گھرا ہوا ہے اور ہر طرف بے راہ روی کا دور دورہ ہے، ایسے میں ہر محب وطن پاکستانی کا فرض بنتا ہے کہ وہ قوم و ملت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ اس موقع پر مولانا اکرام حسین ترمذی، مولانا رجب علی بنگش، قاری غلام قاسم، مولانا سرباز شگری، مولانا خلیل احمد، مولانا حسن شریفی، مولانا خادم حسین استوری، مولانا عبدالرزاق اورکزئی، مولانا غلام قاسم طوری اور بنگش برادری کے اراکین موجود تھے جنہوں نے عوام سے اتحاد وحدت کیساتھ رہنے کی اپیل کی۔