القاعدہ، طالبان اور داعش جیسے دہشت گرد خوارج ہیں، علامہ علی اختر اعوان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلام کا اہم رکن نماز ہے اور اس سے بھی اہم کسی کی انسان کی جان بچانا ہے اگر کوئی مسلمان حالت نماز میں ہے اور اس کے علم میں آجائے کہ کسی انسان کی جان خطرے میں ہے تو اس پر واجب ہو جاتا ہے کہ نماز کو توڑ کر اس کی جان بچائے یا بچانے کی سعی کرے اور اسلام کے تمام مسالک اس پر متفق ہیں اور یہ عمل سنتِ رسول ﷺ سے ثابت ہے، اسلام ہمیں پیار محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے جبکہ اسکا کسی بھی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، اور نہ ہی اسلام اسکی تعلیم دیتا ہے، اسلام کا لبادہ اوڑھ کر جو لوگ دہشتگردی کا ارتکاب کرتے ہیں انکا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ایسے لوگ خارج از اسلام ہیں، وہ القاعدہ ہو، طالبان یاداعش جیسے دہشت گرد، یہ سب کے سب خوارج ہیں اور انہی خوارج نے اسلام کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القران کے مرکزی رہنما علامہ علی اختر اعوان نے مرکزی سیرت کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری اور تحریک منہاج القرآن کے میڈیا کوارڈینٹر محمد یوسف بخشی کے والد کی ساتویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ علی اختر اعوان نے یہ بھی بتایا کہ اللہ نے اپنے پیارے محبوب ﷺ کی امت کو بخشنے کے کیسے کیسے مشفقانہ طریقے سیکھائے جنازہ مرنے والے کا پڑھو اور بخشش و مغفرت اپنے لئے مانگو اور وہ بھی مختلف انداز میں ساری کی ساری امت کوبخشنے اور مغفرت کے لیے دعا مانگی جاتی ہے کبھی سارے زندوں اور مرنے والوں کے لیے، کبھی سارے مردوں اور عورتوں کے لیے، کبھی سارے حاضر اور غائب کے لیے اور کبھی سارے چھوٹوں اور بڑوں کے لئے تاکہ کوئی بھی محروم نہ رہ سکے۔ اللہ اس امت کو بخشنے کے بہانے تلاش کرتا ہے۔ ہمیں اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہئے، اور اپنے شب و روز اسکی ہدایت کے مطابق گزرانے چاہیں تاکہ ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوں۔