جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا سانحہ کوئٹہ کے شہداء اور غازیوں کو سلام
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کوئٹہ میں وکلاء پر خود کش حملے کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قرآن نے شہیدوں کو زندہ قرار دیا اور کہا کہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جاتا، شہداء کا خون ہمارے قلموں میں اتر آیا ہے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خط کے ذریعے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا، انہوں نے دہشت گردوں کو جانوروں اور سنگدلوں سے تشبیہ دیتے ہوئے شدید الفاظ میں تخریب کاری کی مذمت کی اور کہا کہ قاتلوں کے دل نفرتوں اور مایوسی کا مجموعہ ہیں، دہشت گردوں نے بچوں بوڑھوں، مرد و عورت، دین و مذہب کی تفریق کے بغیر بے گناہوں کا خون بہایا۔
کوئٹہ سانحے کے شہداء و زخمیوں کو آئین و قانون کا پاسبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا خون ہمارے قلموں میں اتر آیا ہے، انہوں نے اپنے خون کے عطیے سے بھائی چارے، انسان دوستی اور قانون پر عمل کرنے کی مثال قائم کی۔