پاکستان وادی عشق رسول ؐہے، ہر قیمت پر اسکا تحفظ کرینگے، مفتی لیاقت رضوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاکستان سنی تحریک نے 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ملک گیر یوم وفائے پاکستان منایا، اس سلسلے میں اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک بھر کے 100 سے زائد چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور تقاریب پرچم کشائی منعقد کی گئیں جن میں تحریک پاکستان کے جانثاروں اور افواج پاکستان کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
زرائع کے مطابق آزاد پاکستان مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مفتی لیاقت علی رضوی، علامہ طاہر اقبال چشتی و دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان وادئ عشق رسول ہے، ہر قیمت پر اسکا تحفظ کرینگے، اسلام کا نفاذ اور کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کا ایجنڈا ہے، ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کئے بغیر آزادی کے مقاصد حاصل نہیں کئے جاسکتے، سیکولر اور مغربی لابی ملک کے اسلامی نظریاتی تشخص کو ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے جسے عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیں گے، قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کی تکمیل کیلئے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، میرٹ کا اطلاق اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، آزادی کے 70 سال بعد بھی قوم حقیقی قیادت سے محروم ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سوالات اور انکشافات کرنے کی بجائے ان معاملات کی تحقیقات کروائیں جنھوں نے قوم کا مستقبل داؤ پر لگایا ہے، پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کیلئے کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، مٹھی بھر تکفیری دہشتگردوں کے ہاتھوں قائد اور اقبال کے پاکستان کو یرغمال نہیں بننے دینگے، حقیقی آزادی کا جشن اس وقت ہوگا جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا، پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لیے اور آزادی کی نعمت کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی قر بانی سے دریغ نہیں کریں گے۔