Uncategorized

ملک بھر میں یوم دفاعِ پاکستان کی پر وقار تقاریب کا سلسلہ جاری،عوام کا جوش و خروش

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )قوم نے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا اس عزم کی تجدید کے ساتھ آغاز کیا کہ ملک کی سلامتی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ارض پاک کے تقدس کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ قوم 51 واں یوم دفاع بھر پور جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔

زرائع کے مطابق یومِ دفاعِ ارضِ وطن کے دن کاآغازملکی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤ ں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ملک بھر میں یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں علامہ محمد اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔مزار قائد پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اکیڈمی رسالپور کے ایوی ایشن کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، گارڈز کے فرائض سنبھالنے والوں میں 6 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔اس سے قبل مزار قائد پر گارڈز کے فرائض پاک بحریہ کے جوانوں نے سنبھال رکھی تھی۔

کراچی میں ملیر چھاؤنی اور پی اے ایف مسرور بیس میں یوم دفاع کے سلسلے میں تقریب ہوئی جس میں پاکستان آرمی کے زیر استعمال جنگی ہتھیاروں اور آلات کی نمائش کی گئی۔تقریب کے دوران آرمی ایوی ایشن ایلوٹ اور مشتاق طیاروں نے فلائی پاسٹ بھی کیا جبکہ نمائش میں ٹینکوں، اے پی سی اور چاق و چوبند دستے کا مارچ پاسٹ بھی کیا گیا۔پی اے ایف مسرور بیس میں چھ ستمبر کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے۔

لاہور میں مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب کے دوران رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔میانی صاحب لاہورمیں میجرشبیر شریف شہید کے مزارپربھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس میں میجر جنرل فدا حسین ملک اور شہید کے اہلخانہ نے شرکت کی۔رینجرزہیڈ کوارٹرزمیں ہونے والی تقریب میں جنگ ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دھرتی کی حفاظت کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

پشاور میں بھی پی اے ایف ائیر بیس پر 6 ستمبر کے حوالے سے خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے ایف سولہ ، معراج اور ایف سیون طیاروں نے شاندار فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا۔ایئرفورس کے مختلف لڑاکا طیارے اور جنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگراشیاء بھی نمائش کے لیے رکھے گئے تھے جنہیں دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

مہمند ایجنسی کے ایف سی کیمپ غلنئی میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں کمانڈنٹ مہمند رائفل کرنل آصف اقبال، پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم اور قبائلی مشران نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں کرنل آصف نے آرمی چیف کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں ملک سے جلد ہی دہشت گردی کے خاتمے کی نوید سنائی گئی۔کرنل آصف کا کہنا تھا اب تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مہمند رائفل کے 206 اہلکارشہید، 373 زخمی جبکہ 56 اہلکار ہمیشہ کے لیے معذور ہوچکے ہیں۔ انکا کہنا تھا کے مہمند ایجنسی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایف سی اور خاصہ دار فورس کے 86 اہلکار بھی شہید ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button