وطن کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، کور کمانڈر کراچی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ وطن کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، ہمیں بیرونی دشمنوں کے ساتھ اندرونی دشمنوں کا بھی سامنا ہے، ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں، سفر دشوار ضرور ہے، ہم منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر کینٹ میں شہدائے 6 ستمبر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، پاک بحریہ کے وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے میجر شبیر شریف شھید (نشانِ حیدر) اور پاکس فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی بڑی بہن خالدہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے بگل بجا کر شہداء کی یادگار پر سلامی دی جبکہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملیر کینٹ میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چار چڑھائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی نے کہا کہ یوم شہداء کے لئے جمع ہونا صرف تقریب نہیں بلکہ فورسز کی قربانی کو یاد کرتا ہے، شہداء کے ورثاء ہمارا غرور ہیں، قوم آپ کی مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفر دشوار ضرور ہے، تاہم ہم منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں، ملک کی محفوظ سرحدوں کی بھاری قیمت ہے، جس میں فورسز کے ساتھ شہریوں کا بھی کردار ہے، ہمیں بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ اندرونی دشمنوں کا بھی سامنا ہے لیکن ہم ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات بدل گئے ہیں، قیام امن کی کوششیں جاری ہیں، عوام کے حوصلے سے خوف کی فضاء ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سبز ہلالی پرچم تلے ہماری داستانیں دہرائی جائیں گی۔