ریاستی اداروں کی پالیسیوں کی بدولت قائداعظم کا پاکستان دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، علی حسین نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے 11 ستمبر یوم وفات قائداعظم محمد علی جناح کی مناسبت سے مزار قائد پر حاضری دی۔ وفد میں صوبائی سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، ڈویژنل رہنما علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری سمیت دیگر علماء کرام شامل تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے مزار پر حاضری دوران قائداعظم کی قبر پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی
مزار قائد پر اپنے خطاب میں سید علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کی بنیاد رکھی تھی آج ہم اس پاکستان سے بہت زیادہ دور ہیں، قائداعظم ایسا پاکستان چاہتے تھے کہ جہاں بلا رنگ و نسل تمام افراد اپنی زندگی بسر کرسکیں۔ لیکن آج ہمارے ریاستی اداروں کی پالیسیوں کی بدولت قائداعظم کا پاکستان دہشت گردی کی جنت بن چکا ہے، پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے کفر کے فتوے دینے اور دہشت گردی کی تربیت دینے والے مدارس، کالعدم جماعتوں، سیاسی و مذہبی طالبان کے خلاف ملک گیر آپریشن ضرب عضب کی ضرورت ہے۔
بعدازاں صوبائی سیکرٹریٹ میں قرآن خوانی و مجلس ترحیم کا اہتمام کیا گیا، مجلس ترحیم سے علامہ مبشر حسن نے خطاب کیا۔ مجلس سے خطاب میں علامہ مبشر حسن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم بانی پاکستان کی امنگوں کے مطابق پاکستان کی تکمیل کی کوششوں کو جاری رکھے گی۔