ایران اور سعودی عرب کے درمیان اختلافات سے امت کمزور، اتحاد سے مضبوط ہوگی، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے واضح کیا ہے کہ فرقہ واریت اور دہشت گردی کی لعنت سے نجات کے لئے اتحاد امت کے قرآنی تصور کو اجاگر کرنا ضروری ہے، تمام مکاتب فکر اختلافات کو ہوا دینے کی بجائے مشترکات کو فروغ دیں تو معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے۔
زرائع کے مطابق ملتان میں تحمل، برداشت اور رواداری کے موضوع پرمنعقدہ نشست سے خطاب میں علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم امت واحدہ کے قرآنی تصور کو اجاگر کرنے کے لئے نہ صرف تیار ہیں بلکہ ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ ملی یکجہتی کے پلیٹ فارم پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحوم مولانا شاہ احمد نورانی، قاضی حسین احمد مرحوم، پروفیسر ساجد میر، مولانا سمیع الحق او ر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر اتحاد و وحدت کے بانیوں کا کردار ادا کیا ہے۔ اور یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا کہ اپنے اپنے مسلک پر رہتے ہوئے اتحاد امت کی ایسی فضا کسی اور اسلامی ممالک میں قائم نہیں ہوسکی۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ آج اسلام ا ور پاکستان کے دشمن بھارت کی طرف سے چیلنجز کی فضا میں مذہبی طبقے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ معاشرے میں محبت و اخوت، رواداری اور برداشت کی فضا پیدا کریں۔
علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ اہلبیت اطہار، صحابہ کرام، ازواج مطہرات کا احترام ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔ جبکہ محرم ہو یا اس کے بعدکے ایام نواسہ رسول امام حسین کی قربانی کی یاد ہر مسلمان اپنے انداز میں مناتا ہے۔ اور سب تسلیم کرتے ہیں کہ اسلام کو کربلا سے نئی زندگی ملی، پھر چند فقہی اور فروعی مسائل میں اختلاف کی وجہ ان دوریوں کا سبب نہیں بننا چاہیے۔ اسلامی تحریک کے رہنما نے علما، واعظین اور دانشور طبقے کو ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ اتحاد و وحدت کی محافل کی خبر یںعام لوگوں تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کم علم اور شرپسند عناصر اپنی شرارتوں کی وجہ سے مختلف مسالک کے درمیان بگاڑ پیدا نہ کر سکیں۔ انہوں نے امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دو اہم دوست ممالک ایران اور سعودی عرب کو ٹھیک ٹھاک پیغام دینا ہو گا کہ اگر ان دونوں کے درمیان اختلاف کی کیفیت ایسے ہی برقرا رہی تو امت مسلمہ کمزور ہو گی اور اگر ان کے درمیان اتحاد و وحدت کی فضا قائم ہو گی تو مسلمان مضبوط ہوں گے۔