ڈی آئی خان، امامیہ مسجد انتظامیہ کیجانب سے سکیورٹی میں اضافے کا مطالبہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ڈیرہ اسماعیل خان میں امام بارگاہ قائم آل محمد و امامیہ مسجد کے متولی سید اسلم حسنین شاہ نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ سکیورٹی کیلئے فراہم کی گئی نفری میں اضافہ کیا جائے۔
زرائع کے مطابق شہر میں مجالسِ عزا کے موقع پر سب سے بڑا عوامی اجتماع امامیہ مسجد میں بعد از مغربین گزشتہ پانچ دنوں سے منعقد ہورہا ہے۔ نماز مغرب کے بعد اور مجلس عزا کے اختتام پذیر ہونے پر امامیہ مسجد کے اطراف میں اور قریبی راستوں پر نفری کی کمی کے باعث کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار سانحہ رونما ہوسکتا ہے۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہزاروں عزاداران سید الشہداء کی حفاظت کیلئے مجلس عزا کے وقت سکیورٹی کی خصوصی نفری فراہم کی جائے جو کہ نہ صرف ٹریفک پلان کنٹرول کرے بلکہ مجلس عزا کے بعد راستوں کی حفاظت یقینی بنائے۔ سید اسلم شاہ کے مطابق ہزاروں افراد کی حفاظت کیلئے صرف دو اہلکاروں پر نفری مہیا کی گئی ہے جبکہ خواتین کی چیکنگ کا سرے سے کوئی نظام ہی موجود نہیں ہے۔
سید اسلم حسنین شاہ نے درخواست کی ہے کہ ضلعی پولیس آفیسر امامیہ مسجد کی سکیورٹی کیلئے نہ صرف مرد پولیس اہلکاروں کی نفری میں اضافہ کریں بلکہ لیڈی کانسٹبیل بھی فراہم کریں جو خواتین کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ دیگر معاملات پر نظر رکھے۔