اپنی اگلی نسلوں کو محفوظ،ترقی یافتہ پاکستان دیں گے:آرمی چیف
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وزیرستان، راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ اپنی سرزمین سے جلد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیں گے اور اگلی نسلوں کو محفوظ اور ترقی یافتہ پاکستان دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں فاٹا میں استحکام کے حوالے سے آپریشنز، عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں (آئی ڈی پیز) کی واپسی اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آئی ڈی پیز کی واپسی میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی باعزت واپسی کے عمل کو سراہا، جبکہ سال 2016 کے اختتام سے قبل تمام آئی ڈی پیز کی واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ قبائلی علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے کئی منصوبے مکمل ہوگئے، یو ایس ایڈ کے تعاون سے 84 کلو میٹر طویل بنوں ۔ میران شاہ ۔ غلام خان روڈ آج سے کھول دی گئی، جو افغانستان کے ساتھ تجارت کے لیے سب سے مختصر روٹ ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امید ہے فاٹا کی صلاحیتیں تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں میں ابھر کر سامنے آئیں گی۔جنرل راحیل شریف نے فاٹا میں جدید طرز پر تعمیر کیے گئے یونس خان اسپورٹس اسٹیڈیم کا بھی افتتاح کیا۔
قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ’ضرب عضب‘ میں فاٹا سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا، آپریشن میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں اور ہم اپنی سرزمین سے جلد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔ انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور فوج معاشی ترقی کے لیے ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی، جبکہ قبائلیوں کو ترقی اور خوشحالی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی اگلی نسلوں کو محفوظ اور ترقی یافتہ پاکستان دیں گے۔
قبل ازیں آرمی چیف اور ان کی اہلیہ نے جنوبی وزیرستان میں نئے تعمیر شدہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے علاقے میں تعلیمی معیار پر اساتذہ اور بچوں کی تعریف کی اور بچوں کو اسکول بھیجنے پر علاقہ مکینوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم سے ہی آئندہ نسلوں کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔ میرانشاہ دورے کے موقع پر آرمی چیف کی اہلیہ نے قبائلی خواتین سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قبائلی خواتین کی کاوشوں کو سراہا اور وزیرستان میں بحالی اور تعمیر نو سے متعلق مسائل سنے۔