حکمران پاکستان میں سیکولرازم کو فروغ دینا چاہتے ہیں، احسن نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) گلگت بلتستان کی جامعات میں مذہبی پروگرامات پر پابندی ناقابل فہم عمل ہے۔ ملک کے حکمران پاکستان میں سیکولرازم کو فروغ دینا چاہتے ہیں، گلگت بلتستان میں حکومت کی جانب سے مذہبی پرگرامات پر پابندی دراصل سیکولرازم کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار متحدہ طلباء محاذ پاکستان کے ترجمان احسن نقوی نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان متحدہ طلباء محاذ کا کہنا تھا کہ لادین قوتیں ہماری یونیورسٹیز میں اسلام مخالف ایجنڈے پر کاربند ہیں تاکہ نوجوان نسل کو اسلامی ثقافت و اسلامی تعلیمات سے دور کیا جائے، ایسے میں حقیقی اقدار اسلامی کا احیا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ گلگت کی متعصب حکومت نے مذہبی پروگرامات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جامعات میں سیکولر طبقات طاقتور ہو چکے ہیں اور طلبا کو دینی تعلیمات سے دور کر رہے ہیں۔ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کے ذکر پر پابندی ناقابل برداشت فعل ہے۔
احسن نقوی نے مزید کہا کہ گلگت کی صوبائی حکومت کی جانب سے مذہبی آزادی کو جبر کے ذریعے چھیننے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں، تعلیمی اداروں میں مذہبی پروگرامات پر پابندی آئین پاکستان کی سراسر خلاف ورزی ہے، امام حسینؑ کی ذات صرف اسلامی مکاتب فکر کیلئے ہی قابل احترام نہیں بلکہ ادیان عالم کیلئے قابل احترام ہے۔