دشمن کی سازش ناکام، داعی اتحاد بین المسلمین علامہ مرزا یوسف حسین ضمانت پر رہا، عوام کا شانداراستقبال
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ مرزا یوسف حسین کو پچاس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دو ہفتے قبل بزرگ عالم دین اور شیعہ سنی اتحاد کے داعی علامہ مرزا یوسف حسین کو سکیورٹی اہلکاروں نے رات گئے ان کی رہائش گاہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کراچی سے گرفتار کیا تھا، ان پر شہید خرم ذکی کے جلوس جنازہ کے موقع پر اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ کے تحت ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی، علامہ مرزا یوسف حسین کی ملیر جیل سے رہائی کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالی کے سربراہ علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین، ڈویژنل رہنما میثم عابدی، علامہ مبشر حسن، علامہ نشان حیدر ساجدی، علامہ علی انور جعفری، علامہ اسحاق قرائتی، ناصر حسینی و دیگر بھی استقبال کے لئے موجود تھے۔
بعد از رہائی علامہ مرزا یوسف حسین دیگر رہنماؤں کے ہمراہ جامع مسجد نور ایمان پہنچے، جہاں عوام کی کثیر تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر استقبال کے لئے آنے والے شرکاء نے لبیک یاحسین (ع) کے نعرے بھی بلند کئے۔ جامع مسجد نور ایمان آمد کے بعد علامہ مرزا یوسف حسین نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام حضرات کہ جنہوں نے میری رہائی میں کردار ادا کیا، خاص طور پر مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ راہ امام حسین (ع) میں شہادت کے ساتھ ساتھ اسیر ہونا بھی ہمارے لئے فخر کی بات ہے، ہمارے آئمہ (ع) نے بھی اسیری کو برداشت کیا اور ہمیں بھی آئمہ کرام (ع) کی سیرت پر چلنے کا موقع نصیب ہوا، جس پر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ کے حقوق کی خاطر ماضی میں بھی ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی آواز بلند کرتے رہیں گے، دشمن کی سازشیں ہمیں ہمارے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔