آئی ایس او کیخلاف کئے جانیوالے منفی پروپیگنڈے کیخلاف ہر سطح پر احتجاج کیا جائیگا، محمد عباس
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے خلاف امت اخبار میں شائع کی جانے والی غلط اور بے بنیاد خبروں کی شدید مذمت کرتے ہیں، امت اخبار کے ذریعے آئی ایس او پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کوئی نئی بات نہیں، ایسا ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے، آئی ایس او پاکستان کے خلاف مختلف طریقوں سے سازشیں اور پروپیگنڈہ کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، جنہیں ماضی بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اب بھی رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری محمد عباس نے امت اخبار میں شائع ہونے والی بے بنیاد خبروں کے حوالے سے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان ایک طلبہ تنظیم ہے، جس نے تعلیمی میدان میں ہر سطح پر طلبہ کی رہنمائی اور حقوق کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہیں، جنہیں بے پناہ پذیرائی بھی ملی۔۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کا ماضی ہمیشہ سے بے داغ رہا ہے، سازشیں کرنے والوں نے ہر دور میں سازشیں کی، لیکن وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت اخبار میں شائع ہونے والے بے بنیاد، من گھڑت اور آئی ایس او کے خلاف کئے جانے والے منفی پروپیگنڈے کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا، حکومت وقت، وزیر داخلہ، خصوصاً اخباری اور صحافی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی صفوں سے اس طرح کے بے بنیاد صحافت کرنے والوں اور صحافت کا نام بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور قانونی کارروائی کی جائے۔