Uncategorized

اسلام میں حقوق انسانی کی بے حد اہمیت ہے، علامہ ریاض نجفی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ عقیدہ توحید کی طرح قیامت کا اعتقاد بھی ضروری ہے جس میں ہر صورت میں غلط کاموں کی سزا ملے گی، آیات قرآنی کے مطابق ظالموں کا عذاب ختم نہیں ہوگا جب ایک چمڑا جل جائے گا تو نیا چمڑا نئے عذاب کیلئے پیدا ہوگا، اسلام میں حقوق انسانی کی بے حد اہمیت ہے، اللہ اپنے حق تو معاف کر دے گا لیکن کسی انسان پر کئے ظلم وزیادتی کو ہرگز معاف نہیں کرے گا حتیٰ کہ حیوان کی حق تلفی یا ظلم کا بھی حساب ہوگا، جانوروں کے شکار کے بھی قوانین ہیں، رات کا وقت اللہ نے تمام مخلوقات کیلئے آرام و استراحت کیلئے قرار دیا ہے لہٰذا رات کو جانوروں کا شکار کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان تو ہر لحاظ سے اشرف المخلوقات ہے یہی وجہ ہے کہ اسلامی تاریخ میں پیغمبر اکرم اور ان کے جانشینوں نے کبھی رات کو کسی پر حملہ کیا نہ شب خون مارا، سابقہ امتوں کے بدترین جرائم کے باوجود خدا نے ان پر کبھی رات کو عذاب نازل نہیں کیا۔ ملاوٹ کرنیوالے قومی خیانت کے مرتکب ہیں کیونکہ کہ ان غذاﺅں سے تیار ہونیوالی نسل صحت مند ہوگی نہ ان کے رویے صحیح و سالم ہونگے۔

علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاﺅن لاہور میں خطبہ جمعہ میں راہ ہدایت و ضلالت کی وضاحت کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا قرآن مجید میں سورہء مبارکہ فاتحہ میں سعادت و ہلاکت کے راستوں کو بیان کیا گیا ہے۔ اھدناالصراط المستقیم، صراط الذین انعمت علیہم یعنی سیدھا راستہ ہی نجات کا راستہ ہے۔ اگلی آیت میں گمراہ اور غلط کار لوگوں کے راستے سے بچنے کا ذکر ہے۔ ایک اور مقام پر ارشاد ہوا کہ کئی راستوں کی طرف مت جائیں ورنہ سیدھے راستے سے بھٹک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیدھا راستہ وہ ہے جس پر چلنے سے قبر بھی جنت بن جاتی ہے، پل صراط سے آسانی سے گزر کر سیدھے جنت جائیں گے جبکہ غلط راستے پر چلنے والے جو فتنہ، فساد، چوری، قتل و غارت اور دیگر برائیاں کرتے ہیں انہیں اصل سزا تو آخرت میں ملے گی لیکن بعض اوقات دنیا میں بھی سزا مل جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیامت کا اعتقاد بھی عقیدہ توحید کی طرح ضروری ہے جس میں ہر صورت میں غلط کاموں کی سزا ملے گی۔ ارشاد خداوندی ہے کہ ظالم اللہ کو غافل نہ سمجھیں ہم ان کی سزا کو قیامت کے دن تک موخر کر رہے ہیں۔ آیات کے مطابق ظالموں کا عذاب ختم نہیں ہوگا جب ایک چمڑا جل جائے گا تو نیا چمڑا نئے عذاب کیلئے پیدا ہوگا۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button