شامی طلبا کا امریکا مخالف مظاہرہ
دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک )شامی عوام کے ساتھ ساتھ شام کے طلبا نے بھی اپنے ملک پر امریکی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔شام کے الشعیرات ایئربیس پر امریکی حملے کے بعد شامی عوام مسلسل امریکا مخالف مظاہرے کرتے رہے ہیں۔اس دوران شامی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا نے بھی دمشق میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر بڑا مظاہرہ کر کے امریکی جارحیت کی شدید مذمت کی-
شامی طلبا کا کہنا تھا کہ ہم شام پر امریکا کی کھلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امریکا کی مذمت کرنے اور شام پر اس طرح کے حملے کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے کیونکہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری عالمی سطح پر امن قائم کرنا ہے-شام پر امریکا کی جارحیت کے خلاف پچھلے دنوں مختلف عرب اور غیرعرب ملکوں کے دارالحکومتوں میں بھی مظاہرے کئے گئے-ان مظاہروں کے دوران امریکا کے اس جارحانہ اقدام کی سخت مذمت کی گئی-