کامیاب مہدی برحق کانفرنس علامہ عارف حسینی سے والہانہ عقیدت کا اظہار ہے، علامہ مبارک موسوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی کا صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں کامیاب تاریخی "مہدی برحق کانفرنس” کا انعقاد ہمارے جانباز اور نڈر کارکنان کی انتھک محنت اور خداوند متعال کے خاص لطف و کرم کا نتیجہ ہے، ہم اس تاریخی کانفرنس کی انعقاد پر قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس اور جانثار کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، سنٹرل پنجاب سے ہزاروں مرد و خواتین نے موسم اور سفر کی صعوبتوں کو بالائے طاق رکھ کر شرکت کرکے مجلس وحدت مسلمین کے قائدین اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی سے اپنے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا، ان شاء اللہ ہم ارض پاک سے ملک دشمن دہشتگردوں اور کرپٹ مافیا کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا یہ منشور ہے کہ ہم ہر ظالم و جابر کیخلاف آہنی دیوار اور ہر مظلوم کے دست بازو بنیں گے، ہم اپنے شہداء ارض پاک کے پاکیزہ لہو کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔
انہوں نے کہا ہمارے محبوب قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت کا سبب حب الوطنی اور مسلم امہ کے درمیان وحدت کا پیغام عام کرنا تھا، پاکستان میں ملت تشیع کے قتل عام کا اصل مطلب یہ ہے کہ وہ اس ملک کے فطری دفاع اور دفاعی فرنٹ لائن کو ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ سو سال سے ہمارا قتل عام جاری ہے لیکن ہم نے ظالموں اور جابروں کے سامنے اپنے سر جھکانے سے سر کٹانے کو ترجیح دی ہے، ہمارا یہ ایمان ہے کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے جو ہماری ماوُں نے ہمیں دودھ میں پلایا ہے، وطن عزیز کی سلامتی و دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر افتخار نقوی، علامہ ملازم نقوی، علامہ حسن ہمدانی، سید حسن کاظمی، سید حسین زیدی، رائے ناصر علی، رانا ماجد علی سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔