Uncategorized

دیکھنا ہوگا کہیں جامعات دہشت گردوں کی افزائش گاہ تو نہیں بن گئیں، مراد علی شاہ

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ انصار الشریعہ کراچی سے آپریٹ نہیں کررہی جب کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہیں جامعات دہشت گردوں کی افزائش گاہ تو نہیں بن گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار سے ملاقات کے لئے ان کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے خواجہ اظہار پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ تھا، بچے اور پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس ہے، وطن واپس پہنچتے ہی خواجہ اظہار سے افسوس کرنے آیا ہوں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عید کے روز کوئی بھی شخص یقین نہیں کر سکتا کہ ایسا واقعہ ہوگا، حملہ آور اس علاقے کے نہیں تھے جب کہ حملے کا پلان نہ ہی اس شہر اور نہ ہی اس صوبے میں بنا ہوگا، سندھ حکومت نے ایم کیو ایم پاکستان کو بھرپور سیکیورٹی دی تاہم اگر ضرورت پڑی تو مزید سیکیورٹی مہیا کریں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت سے کچھ تنظیموں کے نام شیڈول ون میں ڈالنے کا کہا تھا، لیکن بدقسمتی سے وفاقی حکومت نے ان تنظیموں کو واچ لسٹ پر بھی نہیں ڈالا جب کہ انصار الشریعہ کراچی سے آپریٹ نہیں کر رہی، دہشت گردی قومی مسئلہ ہے سب نے مل کر اس کا حل تلاش کرنا ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو منظر عام پر لاکر بے نقاب کریں گے، یہ واقعہ اسٹریٹ کرائم کا نہیں تھا جب کہ ہمیں دہشت گردی کے مائنڈ سیٹ کو شکست دینا ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button