آج مسلمان ہمت کا مظاہرہ کریں تو ظلم و جبر کے بازار کو ختم کرکے حق کا پرچم بلند کرسکتے ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ امام حسین ؑ ، ان کے رفقاء اور اصحابؓ نے ظالم اور جابر حکمرانوں کے سامنے ڈٹ کر اور ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جبکہ اس سے قبل ظلم و جبر کے خلاف اتنے حوصلے سے بات کرنیکی کسی کو جرأت نہ تھی۔
امام بارگاہ سامرہ نیو رضویہ سوسائٹی اسکیم 33 میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج بھی مسلمان اسی جرأت و بہادری اور ہمت کا مظاہرہ کریں تو ظلم و جبر کے بازار کو ختم کرکے حق کا پرچم بلند کرسکتے ہیں، شہدائے کربلاء کا یہی پیغام اور درس ہے کہ جب بھی دین پر وقت پڑے اپنی جان و مال اور خانوادے کی پرواہ کئے بغیر عملی طور پر میدان میں آکر دین کی خدمت کریں، یہی درس خدا کی پسندیدہ شخصیات کا ہے کہ جس خدا نے کائنات کو خلق کیا اسی کے بتائے ہوئے پر چلا جائے اور اسی کے پیغام کی بقاء کیلئے جدوجہد تیز سے تیز تر کی جائے۔