ٹوبہ،چہلم امام حسینؑ کے انتظامات مکمل،سکیورٹی پلان جاری
شیعہ نیوز(پاکستانی خبر رساں ادارہ)ضلعی پولیس نے چہلم امام حسینؑ کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا، جس کے مطابق ضلع بھر میں چہلم کے جلوسوں اور مجالس کے لئے مجموعی طور پر 460پولیس افسران اور ملازمین حفاظتی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ سکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں پر واقع عمارات کی چھتوں، کھڑکیوں اور دروازوں میں کھڑے ہونے کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے جبکہ اس دوران قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقاریر کی آڈیو اور ویڈیو کیسٹیں چلانے اور مذہبی منافرت پر مبنی پمفلٹ اور ہینڈ بل تقسیم کرنے اور اسی نوعیت کی وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل نے اپنے دفتر میں چہلم کے سلسلہ میں مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر کے تمام ماتمی جلوس اور مجالس کو اپنے وقت مقررہ پر شروع و اختتام کو سو فیصد یقینی بنائیں اور ملی یکجہتی کونسل کے اعلامیہ اور ملکی مذہبی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دوران مجلس و جلوس علامہ و خطیب ایسی کوئی بات نہ کریں، جس سے فرقہ واریت کو ہوا ملے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار اپنی اپنی ڈیوٹیاں دل جمعی کے ساتھ انجام دیں۔