بھارت کا جنگی جنون پورے خطے کیلئے خطرناک ہے، علامہ ناصر عباس
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلااشتعال گولہ باری سے فوج کے دو نوجوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہ کہا کہ بھارت کا جنگی جنون پورے خطے کیلئے خطرناک ہے۔ بھارت کی جانب سے رواں برس چار سو سے زائد فائر بندی کی خلاف ورزی تشویش ناک ہے۔ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ بھارت کو اس کے جارحانہ طرز عمل سے باز رکھنے کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو وحشیانہ مظالم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ بھارتی جارحیت محض مقبوضہ کشمیر تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ اخلاقی و سفارتی تعلقات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے لائن آف کنٹرول کو بھی مسلسل نشانہ بنانے میں مصروف ہے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستانی فوج کے ہاتھوں بھارت نے ماضی کی جنگوں میں جو ذلت اٹھائی ہے بھارت کو وہ یاد رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ترنوالا خیال کرنے والے بہت بڑے مغالطے کا شکار ہیں۔ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھارت کے ہاتھ سوائے ذلت کے اور کچھ نہیں آئے گا۔ پاک فوج دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے جانے میں ہے۔ کشمیری عوام کو دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح آزادی رائے کا حق دیا جائے۔