شہید منتظر مہدی کے کردار سے خائف ہو کر دشمن ولایت فقیہ نے انہیں شہید کیا، قمر عباس
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے شہید منتظر مہدی کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید منتظر مہدی ایک بیدار اور باکردار نوجوان تھا، جس کے کردار سے دشمن ولایت فقیہ نے خائف ہو کر انہیں شہید کر دیا، شہید منتظر مہدی کی خدمات لائق قدر و تحسین ہیں، اصغریہ کی تحریک میں شہداء کا خون شامل ہے اور یہ اسی کا صلہ ہے کہ 1964ء سے لیکر آج تک خط امامؒ پر قائم و دائم ہے اور راہ خدا و امام زمانہؑ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ شہدائے ملت جعفریہ کی زندگی کا مطالعہ کریں اور کوشش کریں کہ ان افراد کو اپنا دوست بنائیں، جیسا وہ اپنا بنانا چاہتے تھے، ہم اپنی زندگی اور اپنے کردار کو ان کی طرح بنائیں، شہداء کی یادوں کو ہمیشہ زندہ رکھیں اور ان کے افکار و کردار کو اپنائیں، ان کے مشن کو جاری رکھیں۔
قمر عباس نے کہا کہ شہید منتظر مہدی کی یاد کو تازہ کرنے اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یونٹس میں تقریبات منعقد کی جائینگی۔ واضح رہے کہ شہید منتظر مہدی کو کراچی میں دہشتگردوں نے 12 اپریل 2014ء کے روز اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا، جب وہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ایک پرائیویٹ بس میں سوار میں تھے، فائرنگ سے منتظر مہدی زخمی ہوگئے، تاہم ان کو فوری طور پر جناح اسپتال شفٹ کیا گیا، لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے رات 3 بجے خالق حقیقی سے جا ملے۔ شہید منتظر مہدی عرف محمد یوسف این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے پیٹرولیم ڈیپارٹمنٹ میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے، جبکہ اس سے قبل وہ اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے تحت چلنے والے فلاحی پروجیکٹس کے شعبہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی رہ چکے تھے۔