مجلس عزا پرپولیس کیجانب سےہونیوالی بربریت پر خاموش نہیں رہیں گے، ناصر شیرازی
شیعہ نیوز )پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ( مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر بہاولنگر فورٹ عباس چک 240 میں مجلسِ عزا کے دوران پولیس گردی سے متاثرہ بانی مجلس کے گھر کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے رہنما سلیم صدیقی، ضلعی رہنما اظہر حسین و دیگر کے ہمراہ بہاولنگر فورٹ عباس چک 240 میں مجلسِ عزا کے دوران پولیس گردی سے متاثرہ بانی مجلس کے گھر کا دورہ کیا،متاثرین سے واقعے کی تفصیلات سننے کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے،فورٹ عباس کی پولیس نے جس بربریت کا نشانہ خواتین کو بنایا ہے اس پر ہم ہرگز خاموش نہیں رہیں گے۔ پنجاب پولیس کے شدت پسند تکفیری گروہ جو ملک کو عدم استحکام کے درپے ہیں ان سے قریبی مراسم ہیں، جنوبی پنجاب کی پولیس سے چھوٹو گینگ کنٹرول نہیں ہوسکا، پُرامن شہریوں اور خواتین پر تشدد کرنے والے انسان کی روپ میں حیوانات ہیں،ہم ان کالی بھیڑوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر بے نقاب کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مجلس عزا ہمیشہ ہر سال اس ہی مقام پر جاری رہے گی، ایس ایچ او اور واقعہ میں ملوث دیگر پولیس والوں کوفوراً گرفتار کیا جائے،ڈی۔ آئی ۔ جی پویس کی بنائی گی کمیٹی فوری رپورٹ پیش کرے اور ذمہ دار پولیس والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے ،متاثرین نے ایم ڈبلیو ایم قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عزاداری نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔