لاہور، آئی ایس او کی مرکزی مجلس عاملہ کا چار روزہ اجلاس اختتام پذیر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے اعلیٰ اختیاراتی ادارہ مجلس عاملہ کا اجلاس چار روز تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس کی آخری نشست بانی تنظیم شہید ڈاکٹر محمد نقوی کے مرقد پہ منعقد ہوئی۔ نشست سے قبل اراکین عاملہ نے مرکزی صدر کے ہمراہ شہید کے مرقد پہ حاضری دی اور تجدید عہد کیا، اراکین عاملہ شہیدسے تجدید عہد کرتے ہوئے اشکبار تھے۔
مرکزی صدر نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اراکین عاملہ کے اجلاس کی آخری نشست کا شہید کے پہلو میں منعقد کرنے کا مقصد شہید سے تجدید عہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے نوجوانوں کو دین کی طرف راغب کیا اور آج کا نوجوان شہید کی فکر کی بدولت ہی دین شناس اور دشمن کی سازشوں سے بھی آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم شہید کی فکر کو فروغ دیں گے اور نئی نسل تک شہید کا پیغام پہنچائیں گے، شہید کی شہادت کو 24 سال کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن نوجوانوں کی ایک ایسی نسل جنہوں نے شہید کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا، بلکہ موجودہ نسل جنہوں شہید کی یاد میں محفل برپا کی، ان میں سے اکثر نوجوان شہید کی شہادت کے بعد پیدا ہوئے ہیں، مرقدِ شہید پر حاضری کے وقت اشکبار آنکھوں سے تجدید عہد کر رہے ہیں، یہ یقینا شہید کربلا امام حسین علیہ السلام کے راستے کا اعجاز ہے، جو بھی سیدؑ الشہدا کی راہ پہ زندگی گزارے اور آپ کے راستے میں اپنی جان قربان کرے، وہ زندہ و جاوید رہیگا۔