جیکب آباد، شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ تنظیموں کی جانب سے شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے جیکب آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج اور علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے شیعہ تنظیموں کی جانب سے علامہ مقصود ڈومکی کی قیادت میں پریس کلب تک احتجاجی جلوس نکالا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اصغریہ آرگنائزیشن، شیعہ ایکشن کمیٹی، بزم سبطین، انجم جمن شاہ درگاہ کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نعرے لگاتے ہوئے پریس کلب پہنچے جہاں علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ مظاہرین سے خطاب میں علامہ مقصود ڈومکی، علامہ سیف علی، اللہ بخش میرالی، سید گلزار شاہ، ندیم حسین، ثاقب شاہ، ذاکر علی اور منصب بروہی نے کہا کہ شیعہ گمشدہ افراد کو جلد ظاہر کیا جائے اور ان کے اہل خانہ کے مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی رہائشگاہ کے باہر احتجاجی دھرنا کئی روز سے مسلسل جاری ہے۔