کراچی، شیعہ مسنگ پرسنز کے دھرنے میں علامہ راجہ ناصرجعفری کی اہل خانہ سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کراچی مین ایک ہفتے سے جاری شیعہ مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے دھرنے میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آمد اور خانوادوں سے ملاقات۔
شیعہمسنگ پرسنز کے خانوادوں سے گفتگو میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آپ نے خود کو تنہا محسوس نہیں کرنا پوری ملت جعفریہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لاپتہ شیعہ عزاداروں کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی ماؤں بہنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ اب تک جس استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اس کو جاری رکھیں اور اپنے پیاروں کی بازیابی تک یہاں سے نہ اٹھیں۔آپ کا یہاں بیٹھنا ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میںبیداری کا سبب بن رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعصابی جنگ ہے اور اس کو جیتنے کیلیے استقامت اور حوصلے کی ضرورت ہے۔
علامہ ناصر عباس کامزید کہنا تھا کہ شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلیے ہم نے تمام قانونی راستے اختیار کیے مگر مقتدر اداروں نےہمیں لاوارث سمجھ رکھا ہے۔ہمارے یہ گمشدہ جوان لاوارث نہیں ہیں۔ اب اگر ہمارے یہ جوان بازیاب نہیں ہوتے تو ملک بھر میں اس احتجاجی تحریک کو پھیلادیں گے اور اپنے جوانوں کو بازیاب کروا کر ہی دم لیں گے۔علامہ راجہ ناصرنے لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ کو یقین دلایا کے ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں آپ خانوادوں کی جانب سے ہم سے جو بھی مطالبہ کیا جائے گا ہم اس کو احسن طریقے سے انجام دیں گے۔
علامہ راجہ ناصر نے لاپتہ عزاداروں کے اہل خانہ اور احتجاج کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ جب بھی انہیں کسی مدد کی ضرورت ہوئی تو ایم ڈبلیو ایم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔