رمضان المبارک میں کے الیکٹرک کی جانب سے روزہ داروں کو ریلیف دینے کے دعوے ہوا ہوگئے، علی حسین نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے رہنما سید علی حسین نقوی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی روزہ داروں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے ماہ مبارک رمضان میں شہریوں کو ریلیف دینے کے دعوے ہوا ہوگئے، لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری اندھیرے میں سحری اور اندھیرے میں افطار کرنے پر مجبور ہیں، اعلیٰ عدلیہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے ظلم و جبر کا فوری نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے روزے داروں کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، فیوچر کالونی، مانسہرہ کالونی، ملیر، جعفرطیار سوسائٹی اور دیگر آبادیوں کے عوام سخت گرمی اور روزے کی حالت میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کررہے ہیں، شہر کے مضافاتی علاقوں کے عوام رمضان المبارک میں بھی کے الیکٹرک انتظامیہ کی بے حسی کے سبب شدید ذہنی کوفت اور اذیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ سحری اور افطار کے اوقات میں بھی شہریوں پر رحم نہیں کھا رہی۔
علی حسین نقوی نے مزید کہا کہ روزانہ 12 سے 14 گھنٹے کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ عوام پر شدید ظلم ہے، روزے کی حالت اور شدید گرمی میں خواتین، بچے اور بزرگ بلبلا رہے ہیں، عوام کے الیکٹرک انتظامیہ کو جھولیاں پھیلا پھیلا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایئرل بنڈل کیبلنگ اور نئے میٹرز کی تنصیب کے بعد 80 فیصد سے زائد ریکوری کے باوجود بعض علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی اعلانیہ اور 4 گھنٹے تک غیر اعلانیہ اضافی لوڈشیڈنگ کہاں کا انصاف ہے، اعلیٰ عدلیہ بالخصوص چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کے الیکٹرک کے مظالم کا نوٹس لیں اور شہریوں کو کے الیکٹرک کے ظلم وستم سے نجات دلائیں، کے الیکٹرک انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرلے بصورت دیگر ایم ڈبلیو ایم عوامی احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔