زیارت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 6 لیویز اہلکار شہید
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں کے حملے میں 6 لیویز اہلکار شہید ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر زیادرت قادر بخش پرکانی نے کہا کہ آج صبح زیارت کے علاقے سنجاوی میں مسلح دہشت گردوں نے لیویز کی چوکی پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں چوکی پر موجود تمام لیویز اہلکار شہید ہو گئے جبکہ دہشت گرد جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
شہید اہلکاروں کی لاشیں سنجاوی کے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔واقعے کے بعد لیویز سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے جائے واردات پر پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔شہید اہلکاروں میـں مہتاب الدین، سپاہی عبدالحکیم، سپاہی فقیر محمد، سپاہی محمد عثمان، سپاہی عبدالشکور اور سپاہی داد محمد شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے لیے جام شہادت نوش کیا۔انہوں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورس بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں اور دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان کافی عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، جس میں بیرونی مداخلت اور پاکستان مخالف قوتوں کا ہاتھ واضح طور پر نظر آتا ہے۔تاہم ان عناصر اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف آپریشن کیے جارہے ہیں، جس میں ہزاروں دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔