شیعہ کافر کے نعرے لگانے کے جرم میں مفتی تنویر عالم فاروقی کو 6 ماہ قید 50 ہزار جرمانہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مذہبی منافرت پھیلانے اور اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا جرم ثابت ہونے پر کالعدم قرار دی جانے والی اہلسنت والجماعت راولپنڈی ڈویژن کے رہنما مفتی تنویر عالم فاروقی کو 6 ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنا دی ہے، پولیس نے ملزم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا۔ پیر کے روز انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر2 کے جج آصف مجید اعوان کی عدالت میں تھانہ صادق آباد پولیس کی جانب سے درج کئے گئے مذہبی منافرت کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت فاضل جج نے ملزم سے پوچھا کہ اس کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے تو ملزم نے اقرار کیا کہ اس کا تعلق اہلسنت والجماعت سے ہے۔ عدالت نے ملزم کو 6 ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنا دی۔ مفتی تنویر عالم کے خلاف 11 مئی کو مقدمہ درج کرکے انہیں ٹیکسلا سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ وہ ضمانت پر رہا تھے۔ فیصلے کے فوری بعد پولیس نے مفتی تنویر عالم فاروقی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا۔
اے پی پی کے مطابق کاﺅنٹر ٹیرررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) راولپنڈی تھانے میں کالعدم تنظیم کے مفتی تنویر عالم کے خلاف قومی ایکشن پلان کی روشنی میں جاری کئے گئے آرڈیننس کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرکے مفتی تنویر عالم کو گرفتار کیا تھا، سی ٹی ڈی نے عدالت میں تمام شواہد پیش کئے، سماعت مکمل ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو کے جج آصف مجید اعوان نے فیصلہ سنا دیا، جس میں مفتی تنویر عالم کو جرم ثابت ہونے پر چھ ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنا دی، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید قید کاٹنا پڑے گی۔ میڈیا نیوز کے مطابق عدالت میں ملزم کی طرف سے 5 ماہ قبل راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں مذہبی منافرت پھیلانے کیلئے جو تقریر کی گئی تھی، اس کی آڈیو بھی پیش کی گئی۔ اس تقریر کے بعد پنجاب کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے تنویر عالم فاروقی کیخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ 9 کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا تھا، تاہم متعلقہ عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔