ملتان، سی ٹی ڈی کی کاروائی میں 8 تکفیری دہشتگرد واصلِ جہنم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )سی ٹی ڈی نے دریائے چناب کے کنارے کارروائی کے دوران عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ القاعدہ کے اہم کمانڈروں سمیت 8 تکفیری دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
زرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع ملنے پر دریائے چناب کے کنارے پر تکفیری دہشت گردوں کی خلاف کاروائی کی، جہاں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی،سی ٹی ڈی کی جانب سے جوابی کارروائی میں 8 تکفیری دہشت گرد واصلِ جہنم ہوگئے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ واصلِ جہنم ہونے والے تکفیری دہشت گردوں کا تعلق کالعدم عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ القاعدہ سے ہے اور وہ ملتان یونیورسٹی پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے جانے والے تکفیری دہشت گردوں میں القاعدہ کے اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں جن کی شناخت منیب جاوید عرف قندھاری، طیب نواز، رزاق ،ذیشان اور ابو دجانہ کے نام سے ہوئی جب کہ دیگر مارے جانے والے تکفیری دہشتگردوں میں یونیورسٹی پر خودکش حملے کے لیے تیار تکفیری خودکش حملہ آور بھی واصلِ جہنم ہوگیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ مارے جانے والے تکفیری دہشتگردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، 2 کلاشنکوف، 2 پستول، متعدد رائفلز اور 3 ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے جب کہ کارروائی کے دوران 6 تکفیری دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔