وطن عزیز میں ظالمانہ نظام کے خاتمے کا عہد کر رکھا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز (لاہور) ملت اسلامیہ میں بیداری کا سبب شہداء کے پاکیزہ لہو کا صدقہ ہے جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھلا دیتی ہیں تاریخ میں اُن کا نام و نشان باقی نہیں رہتا، ہم شہداء کے وارثین ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ اس غیور ملت نے ظالم کے سامنے سر جھکانے کی بجائے سر کٹانے کو ترجیح دی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں شب شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وطن عزیز میں ظالمانہ نظام کے خاتمے کا عہد کیا ہوا ہے اور انشاءاللہ اپنے لہو کے آخری قطرے تک ظلم، ناانصافی اور غریب کش بادشاہانہ نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی دفعہ اس ملک کے حقیقی وارثان کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے سبز ہلالی پرچم تلے ایک ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے فرزندان آج ملک میں عوام کی حکمرانی کیلئے اور استحصالی نظام کیخلاف پختہ عزم کیساتھ میدان میں موجود ہیں اور انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سیاسی فرعونوں، معاشی قارونوں اور مذہبی بلعم بعوروں کے چنگل سے آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز امن کا گہوارہ اور مساوی حقوق سب کو میسر ہونگے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ماڈل ٹاوُن کے شہداء ہمارے شہداء ہیں، ہم ان کے پاکیزہ لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہم مظلوموں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن پاکستان کے نومنتخب صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نومنتخب میر کاروان طلاب امامیہ، ملک قوم کی سربلندی اور طلباء کے حقوق کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لئے کردار ادا کریں گے۔