پاکستانی شیعہ خبریں

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی مذہب کو سیاست کیلئے استعمال نہ کریں، متحدہ علماء فورم

شیعہ نیوز (کراچی) متحدہ علماء فورم پاکستان کے صدر مفتی فیروز الدین ہزاروی نے متحدہ علماء محاذ پاکستان کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین، بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، نائب صدر علامہ ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، مفتی نذیر نعیمی، مولانا اسد ہزاروی و دیگر مکاتب فکر کے علماء کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور اندرون ملک دشمن قوتیں مذہبی منافرت پھیلارہی ہیں، ملک کسی مذہبی لسانی یا فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا، صوبائی و ضلعی سطح پر امن کمیٹیاں بنائی جائیں، سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات کو مذہب کا رنگ دیکر مذہبی تشدد میں اضافہ نہ کریں، فتویٰ دینا مفتیان کرام کا کام ہے۔

علماء کرام نے پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے اپیل کی کہ مذہب کو سیاست میں نہ لایا جائے، حضور اکرم (ص) اور صحابہ کرام کی ہجرت کو تنقید کا نشانہ بنانا کفر کے زمرے میں آتا ہے، خورشید شاہ اپنے بیان کی وضاحت کرچکے ہیں، نفرت اور اشتعال انگیز تقاریر سے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا۔ علماء کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا میں زبانوں، قوم اور مذہب کی بنیاد پر فساد برپا کیا جارہا ہے، ملک میں فرقہ واریت کی وارداتوں کے نتیجے میں ہزاروں شیعہ سنی جید علماء کرام، ذاکرین پروفیسر، وکلاء اور عام شہری قتل ہوچکے ہیں۔

متحدہ علماء فورم کے تحت پریس کانفرنس میں شریک علماء کرام نے شیعہ سنی مکاتب سے اشتعال انگیز تقاریر، لاؤڈ اسپیکر کے بے جا استعمال، نعرے بازی اور وال چاکنگ سے اجتناب کرنے کی اپیل کی۔ علماء کرام نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میں مولانا فضل الرحمان پر خودکش حملہ، ہزارہ کمیونٹی، ایف سی اور منگل کی شب عائشہ منزل کے قریب امام بارگاہ پر کریکر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے تمام اہلسنت و شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگرد عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

متحدہ علماء محاذ کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے کہا کہ شیعہ سنی مل کر افکار حسینیؓ کی حفاظت اور امن و یکجہتی کی فضاء پیداکریں گے۔ علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی باہم متحد ہیں فرقہ واریت دہشت گردی پھیلانے والے داعشی یزیدی، امریکہ، اسرائیل، بھارت اور استعمار کے ایجنٹ ہیں۔ علماء نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے قربانی ایثار ہمدردی کا درس دیا تھا، ظلم و جبر فسق و فجور، ظالمانہ نظام کے خلاف علم بلند کیا تھا۔ افکار حسینیؓ کو اپنا کر استعماری سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ پریس کانفرنس میں متحدہ علماء محاذ پاکستان کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین، مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، نائب صدر ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، اسلامی یکجہتی کونسل کے رہنما مولانا نور الحسن، مولانا نذیر احمد نعیمی، مفتی وجہیہ الدین، مولانا اسد ہزاروی، عنایت حسین شاہ، مولاناحمداللہ، مولاانا صادق لاکھو و دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء نے محرم میں قیام امن اور فرقہ واریت اور داعش کے خلاف ہاتھ اٹھا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button