جیلوں میں عشرہ محرم پر پابندی آئینی خلاف ورزی ہے، وزیراعلیٰ نوٹس لیں، سبطین سبزواری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے جیلوں میں عشرہ محرم الحرام پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اسے فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ قیدی ہر سال جیلوں میں قائم امام بارگاہوں میں اکٹھے ہوکر عزاداری کرتے ہیں مگر اس بار اس پر پابندی لگانے کی اطلاعات پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، یہ اقدام مذہبی معاملات میں مداخلت ہے جبکہ غیر آئینی اقدام سے لگتا ہے کہ حکومت خواہ مخواہ حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
زرائع کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید سبطین سبزواری نے کہا کہ عزاداری کسی مسلک کیخلاف نہیں، نواسہ رسول کا غم اور یزیدی فکر کیخلاف احتجاج ہے، جو ہر سال منایا جاتا ہے، اس سے کسی کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے، یہ حکومت کیلئے بھی خطرہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی آئین میں دی گئی شہری آزادیوں کو کیوں چھیننا چاہتی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اس کا نوٹس لیں اور فی الفور جیلوں میں مجالس عزا کی بحالی کے احکامات جاری کریں۔علامہ سبطین سبزواری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج مسلمانوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک رہی ہے اور یہاں پنجاب کی جیلوں میں محسن اسلام حضرت امام حسین علیہ السلام کی یاد منانے پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں جوکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ایسے ظالمانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے حکمرانوں کو متوجہ کرتے ہیں کہ اپنے لئے مشکلات پیدا نہ کریں، اگر پابندی لگانی ہے، تو دہشتگردوں پر لگاو، غم حسین منانے پر پابندی لگانے والا اپنے لئے بدبختی کے سوا کچھ حاصل نہیں کر سکتا۔
کوئٹہ میں 4 خواتین کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بلند بانگ دعوے کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے کہ سکیورٹی ادارے ابھی تک کوئٹہ کو تکفیری دہشتگردوں سے پاک نہیں کر سکے، جو بسوں میں مسافروں کی پہچان کرکے انہیں شہید کرتے ہیں۔