ملت جعفریہ کو سیاسی اتحاد کے نام پر دھوکہ دینے والی جماعتوں کیساتھ چلنا اب بہت مشکل ہے، محمد یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں ترقیاتی کاموں پر استعمال ہونے والے تمام اخراجات حلقہ پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں لگا دیئے ہیں، سندھ حکومت کو شہر کراچی کی عوام کی کوئی پرواہ نہیں، اس سے قبل بھی سندھ حکومت نے اپنے قائدین کے استقبال پر کروڑوں روپے خرچ کرکے عوام کو صرف دھوکہ دیا ہے۔
اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ شہر بھر میں جگہ جگہ ترقیاتی کاموں کے نام پر شاہراہوں کو کھود کر عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شہری گھنٹوں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں، سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے اور اس مایوسی کی ذمہ دار خود سندھ حکومت ہے، جس کو اپنی بدترین کارکردگی پر اب سوچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے عام انتخابات میں جن سیاسی جماعتوں نے ملت جعفریہ کو سیاسی اتحاد کے نام پر دھوکہ دیا، ایسی دھوکے باز سیاسی جماعتوں کے ساتھ چلنا اب بہت مشکل ہے، ہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ دوبارہ سیاسی انتخابی اتحاد کیلئے 2018ء کے الیکشن میں نظرثانی کر رہے ہیں، کراچی سمیت پورے سندھ میں ملت جعفریہ کا ووٹ بینک بہت بڑی تعداد میں موجود ہے، جو 2018ء کے الیکشن کیلئے دھوکے باز سیاسی جماعتوں کیلئے کافی مشکلات پیدا کرے گا۔