پاکستانی شیعہ خبریں
ملک بھر میں دعائے عرفہ کے اجتماعات
پاکستان بھر میں ،اسلام آباد،راولپنڈی،پشاور،کرم ایجنسی،لاہور،فیصل آباد،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،ملتان،ڈیرہ غازی خان،بہاولپور،رحیم یار خان،سکھر،شکار پور،لاڑکانہ،جیکب آباد،سبی،کوئٹہ،حیدر آباد،نواب شاہ،خیر پوراور کراچی سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں 9ذی الحجہ شہادت حضرت مسلم بن عقیل (ع)اور روز عرفہ کی مناسبت سے مجالس عزاء اور دعائے عرفہ کے اجتماع منعقد ہوئے۔شیعت نیوز کے نمائندوں کی اطلاعات کے مطابق ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں شہادت حضرت مسلم بن عقیل اور روز عرفہ کی مناسبت سے امام حسین علیہ السلام کی دعائے عرفہ اور مجالس کے اجتماع انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی عقیدت سے منعقد کئے گئے۔
اطلاع کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں مرکزی اجتماع دستہ امامیہ (آئی ایس او)کی جانب سے امام بارگاہ شاہ کربلا،انچولی سوسائٹی میں منعقد ہوا ،جس میں دعائے عرفہ کی تلاوت قاری حنیف نے کی اور مجلس عزاء سے خطابت علامہ آفتاب حیدر جعفری نے کی،دریں اثناء نوحہ خوانی دستہ امامیہ کے صاحب بیاض وسیم الحسن اور عاطر عباس نے کی۔
دعائے عرفہ کے اجتماع میں ہزاروں پیروان امام حسین علیہ السلام و محبان اہل بیت علیہم السلام نے شرکت کی اور شہادت حضرت مسلم بن عقیل کی مناسبت سے حضرت رسول خداصلی اللہ علیہ والہ وسلم ،جناب سید ہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہااور حضرت حجت خدا امام زمان عج فرجہ کو پرسہ پیش کیا،اس موقع پر علماء نے ملک بھر میں شہادت حضرت مسلم بن عقیل پر سفیر حسین جناب مسلم کی شجاعت اور امام حسین علیہ السلام سے وفاداری پر مجالس سے خطاب کیا اور مصائب ِ حضرت مسلم بن عقیل پڑھے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوںکی وجہ سے پیروان سید الشہداء امام حسین علیہ السلام نے کھلے آسمانوں تلے اور خیمہ بستیوں میں دعائے عرفہ امام حسین علیہ السلام اور مجالس عزاء کا انعقاد کیا اور عزاداری برپا کی۔