لاہور، آئی ایس او کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر و دفاع وطن ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور میں آئی ایس او کے زیر اہتمام مرکزی شاہراہ سے پریس کلب تک یکجہتی کشمیر و دفاع وطن ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے لاہور میں یکجہتی کشمیر و دفاع وطن ریلی نکالی گئی جو پریس کلب کے سامنے پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نے کی جبکہ علمائے کرام اور دیگر سینیئر رہنما بھی ریلی میںموجود تھے۔ ریلی کے شرکاء انڈیا کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قاسم شمسی کا کہنا تھا کہ ہم وطن کے دفاع کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے حقیقی محافظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن پر قربان ہونے کیلئے تیار ہیں، ملک کے دفاع کیلئے ہمارا ہر کارکن اپنی جان قربان کرنے پر تیار ہے، ملک کا بچہ بچہ دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کے کشمیر میں جاری مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، اس لئے عالمی برادری کو کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے الیکشن میں کامیابی کیلئے علاقے کو جنگ میں جھونکنے کی ناکام کوشش کی، لیکن اب اسے ذلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا دفاع ہمارا منشور ہے، اور اس کاز سے کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔