طالبان ظالمانِ پاکستان ہیں، جعلی جہاد نے پاکستان کو مقتل بنا دیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (لاہور) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ جعلی جہاد نے پاکستان کو مقتل بنا دیا ہے۔ عمران خان طالبان کے بارے میں مجرمانہ مغالطے کا شکار ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ نئے جنگی معاہدے سے ملک نئے خطرات میں گھر جائے گا۔ موجودہ حکمران اقتدار میں رہے تو پورے ملک کو تھر بنا دیں گے۔ عالمی طاقتوں نے بلوچستان کو ٹارگٹ کر رکھا ہے۔ صوفیاء کے ماننے والے عاشقانِ پاکستان اور طالبان ظالمانِ پاکستان ہیں۔ فوجیوں پر مقدمات عائد کرنا افسوسناک اور شرمناک ہے۔ وزیردفاع کی طرف سے نائب صوبیدار پر پرچہ کروانے سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ حکومت اور عدلیہ مل کر پاک فوج کو کمزور کر رہے ہیں۔ پاک فوج کو انڈر ٹرائل کرنا قوم کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ ہمارا دارالخلافہ دراصل دارالخرافات بن چکا ہے۔ آج تک جمہوریت کے ثمرات غریب عوام تک نہیں پہنچے۔ مخصوص خاندانوں نے سیاست و جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی روانگی سے پہلے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بالادست طبقے پر مشتمل مراعات یافتہ اشرافیہ بدمعاشیہ بن چکی ہے۔ عوام طالبان کی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ حکومت کی معاشی دہشت گردی کا بھی شکار ہے۔ اسلام نے فتنے کو کچلنے کا حکم دیا ہے۔ شریعت کی بات کرنے والے پہلے خود اسلامی قانونِ قصاص پر عمل کریں۔ عدلیہ نے آج تک کسی دہشت گرد کو سزا نہیں دی۔ کسی ایک دہشت گرد کو بھی پھانسی پر لٹکایا ہوتا تو آج ملک میں امن ہوتا۔ پنجاب میں خواتین کی خود سوزیاں تخت لاہور کے شہزادوں کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ پنجاب میں انصاف کے لیے خود کو آگ لگانا پڑتی ہے۔ حکمران اپنے اثاثے پاکستان منتقل کر دیں تو غیرملکی امداد کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ملکی سلامتی کے لیے سنجیدہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ افغانستان سے امریکی انخلاء سے پہلے اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔
امریکی آشیرباد سے باغی بلوچ دہشت گردوں کا ہیڈ کوارٹر سوئٹزرلینڈ بن چکا ہے۔ بھارت اور امریکہ بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کو اسلحہ، پیسہ اور تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ ریاستی اداروں میں غیرملکی طاقتوں کے ایجنٹ گھس چکے ہیں۔ مغربی طاقتیں بلوچ دہشت گردوں کو مظلوم بنا کر پیش کر رہی ہیں۔ بھارت جنوبی ایشیا میں جنگی جنونیت کو فروغ دے رہا ہے۔ سب سے زیادہ اسلحہ فروخت کرنے والے امریکہ اور سب سے زیادہ اسلحہ خریدنے والے بھارت نے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا ہے۔ غریب عوام کا بےحس حکمرانوں کو کوئی خیال نہیں۔ نظریۂ پاکستان کے مخالفین کی حکومتی ایوانوں میں پذیرائی سے قائداعظم کی روح کو تڑپایا جا رہا ہے۔