شیخ زکزاکی کی غیر قانونی قید کیخلاف کل ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے
نائیجیریا کے معروف مذہبی سکالر شیخ ابرہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کی رہائی کے لئے پاکستان بھر میں بروز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کل بروز جمعہ شیخ ابراہیم زکزاکی کی غیر قانونی قید کیخلاف کل ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نائیجیریا کے معروف مذہبی سکالر شیخ ابرہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کی رہائی کے لئے پاکستان بھر میں بروز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ شیخ ابرہیم زکزکی کو فوری رہا کیا جائے ان کی قید غیر انسانی و عالمی قوانین کے خلاف ہے ۔ شیخ زکزکی اور ان کے چاہنے والوں پر نائیجیرین حکومت کی بربریت کے خلاف یواین او سمیت عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری ایکشن لے نائیجیریا میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف عالمی عدالتی کمیشن قائم کر کے تحقیقات شروع کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ نائیجریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ معروف اسلامک اسکالراور اس ملک کے کروڑوں مسلمانوں کے قائد و رہنماءآیت اللہ شیخ ابرہیم زکزاکی کی قید کو چار سال ہو گئے ہیں شیخ ابرہیم زکزاکی نے سرزمین افریقہ پر استعماری قوتوں کے خلاف پرامن قیام کیا جس کی انہیں سزا دی جا رہی ہے ان کے بیٹوں سمیت ہزاروں مسلمانوں کو 2015کے آپریشن میں شہید کردیا گیا اور بے جرم و بے گناہ شیخ ابرہیم زکزکی کو ان کی اہلیہ سمیت تشدد کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ان کے ورثا کاکہنا ہے کہ انہیں جیل میں سلوپوائزن دیا جارہا ہے۔ ملک کی اعلی عدالت انہیں باعزت بری کرچکی ہے لیکن نائیجیریا کی اسٹبلشمنٹ انہیں رہا کرنے پر تیار نہیں۔
ہم پاکستانی حکومت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر وہ نائیجیرین حکومت سے سفارتی سطح پر شیخ ابراہیم زکزکی کی رہائی کا مطالبہ کرے۔ کل بروز جمعہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان اس ظلم کے خلاف ملک بھر میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گااور اقوم متحدہ کے دفتر میں وفد کی صورت میں احتجاجی مراسلہ پہنچایا جائے گا ۔