حاجیوں کی عزت و وقار کے تحفظ کی ذمہ داری سعودی حکام پر ہے
شیعہ نیوز : آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ حاجیوں کی سیکورٹی اور حفاظت کی سنگین ذمہ داری سعودی حکومت پر ہے اور سعودی حکومت کو چاہئے کہ وہ خوف وہراس سے عاری ماحول بناکر حاجیوں کی عزت و وقار کا تحفظ کرے۔
یہ بات حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کے روز تہران میں حج امور کے حکام اور انتظامیہ کے ساتھ ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ سعودیہ ماحول کو نام نہاد سیکورٹی پر خراب نہ کرے بلکہ حاجیوں کی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے ایک پُرامن حج کے انعقاد کو یقینی بنائے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ حج کامیاب اسلامی امت کی مثال اور اسلامی تہذیب کا مظہر ہے، حج کے وقت اخلاقیات، روحانیت اور عبادت روزمرہ زندگی اور دنیاوی ضروریات سے مقدم ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ حج کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، جبکہ یہ درست نہیں کیونکہ حج کا سیاسی پہلو اسلام کے احکامات کے عین مطابق ہے۔
آپ نے فرمایا کہ اتحاد امت، مظلوم اقوام بشمول فلسطینی اور یمنی عوام کی حمایت اور مشرکین سے برائت سب سیاسی امور اور اسلامی تعلیمات کے مطابق ہیں لہٰذا حج سے متعلق سیاسی معاملات بھی دینی اور روحانی فرض ہیں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ حج اسلامی اخوت اور الفت کے لئے ایک غیرمعمولی اور سنہری موقع ہے، ایرانی حجاج اپنے اخلاق، وقار اور عزتمندرانہ رویے سے ایرانی پہچان اور اسلامی جمہوریہ کے اصولوں کی ترجمانی کریں گے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی حاجی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اپنے دیگر مسلمان بہن بھائیوں کے ہمراہ نمازوں کو با جماعت ادا کریں۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ حج کے پرسکون انعقاد اور ماحول کو نام نہاد سیکورٹی کی وجہ سے خراب نہ کرنے پر سعودی حکام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ اور دیگر سامراج قوتیں اسلام اور اس کے حقائق کے اصل دشمن ہیں، مسلم اقوام پر عالمی قوتوں کی سیاسی، سماجی، معاشی اور ثقافتی یلغار مسلمانوں سے ان کی گہری دشمنی کو ظاہر کوتی ہے۔