شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رابطہ سیکرٹری اور چیئرمین کنونشن ملک اقرار حسین نے تنظیم کے میڈیا سیل کے ذریعے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ مرکزی تنظیمی کنونشن بعنوان جانثاران امام عصرؑ کنونشن اور انٹرا پارٹی الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، مرکزی کنونشن کا انعقاد حسب سابق اسلام آباد میں ہی ہوگا، تین روز جاری رہنے والے مرکزی تنظیمی کنونشن کے آخری روز بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے وحدت اسلامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے اکابرین، علمائے کرام، دانشور حضرات شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے جماعت کے کنونشن کی بہترین تیاری کی ہے، ملک کے طول و عرض سے آنے والے کارکنان کی خدمت کے لئے گذشتہ سے بہتر اقدامات کر رہے ہیں۔ انٹراپارٹی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنی تشکیل سے لے کر اب تک قومی و ملی ایشوز پر ہمیشہ فرنٹ لائین پر رہی، ملک میں کسی بھی پر بھی ظلم و زیادتی ہوئی، مجلس وحدت مسلمین نے آگے بڑھ کر مظلوم طبقے کا ساتھ دیا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ سے بلا رنگ و نسل و مذہب مظلوموں کی حمایت کو اپنا شعار بنایا، وطن عزیز میں اپنے حقوق کے لئے پرامن آئینی و جمہوری جدوجہد کی ابتدا ہی مجلس وحدت نے کی، ان شاء اللہ آئندہ بھی ملکی سلامتی و استحکام کے لئے جدوجہد اور مظلوموں کی حمایت اسی جذبے کے تحت جاری رکھیں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  علامہ سید اقتدار حسین نقوی  سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، وہ انسانیت کے دشمن ہیں، نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر دہشتگردی کے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔

 ملتان سے جاری اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت پاکستان نیوزی لینڈ کی مساجد میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات پر نیوزی لینڈ حکومت سمیت عالمی سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ مساجد میں پیش آنے والے واقعات دنیا بھر میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکانے کے مترادف ہیں۔ اگر اس طرح کے واقعات کسی مسلمان ملک میں پیش آتے تو اقوام متحدہ سمیت پورے یورپ نے آسمان سر پر اٹھا لینا تھا، اس ملک پر پابندیوں کا مطالبہ شروع ہو جانا تھا، مگر بدقسمتی سے اب تک اس سانحہ پر اقوام متحدہ کی جانب سے کوئی مذمتی بیان اور ردعمل سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں پیش آنے والے ان دہشتگردی کے واقعات پر نیوزی لینڈ حکومت سے رابطہ کیا جائے اور ان واقعات میں زخمی ہونے والے پاکستانی افراد اور شہداء کی تفصیلات لی جائیں۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ عالمی سطح پر اس دہشتگردی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے، گرفتار ملزمان سے ان واقعات کے پیچھے تمام محرکات اور دہشتگرد گروپ کی تفصیلات معلوم کی جائیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  آغا علی رضوی سیکریٹری جنرل گلگت بلتستان مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد علی نوری سمیت وفد کے ہمراہ کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل احسان محمود خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان افواج کے اہم سربراہان موجود تھے۔ ملاقات میں آغا علی رضوی نے علاقائی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حال ہی میں پاک بھارت کشیدگی کے موقع پر پاکستان آرمی کی زمینی، فضائی، انٹیلی جنس اور میڈیا وار میں واضح برتری اور بہترین حکمت عملی پر مبارک باد پیش کی۔

 انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے گلگت بلتستان کا ہر فرد پاکستان آرمی کے پشت پر ہے۔ جی بی کے عوام کی رگوں میں جذبہ حب الوطنی اور فدا کاری کوٹ کوٹ کر ہے۔ عوامی کا جذبہ حب الوطنی کسی خوف، ڈر یا مفادات کی وجہ سے نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ نظریاتی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستر سالوں میں ملک کے حکمرانوں اور اداروں نے یہاں کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے، عوام کو حقوق دلانے اور خطے کو استحکام کی راہ پر گامزن کرانے کے لیے کبھی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھائے۔ یہاں کے عوام کے حب الوطنی کا صلہ مایوسی اور محرومی کی صورت میں دی گئی۔ ہم پاکستان کا آئینی حصہ بنانے کے لیے جدوجہد کسی صورت جاری رکھیں گے۔ گلگت بلتستان کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ مضبوط اور مستحکم گلگت بلتستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت بن سکتا ہے۔ سیاسی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ ملکی سالمیت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں جی بی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرانے اور یہاں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پاکستان آرمی صف اول میں ہوگی۔ گلگت اسکردو روڈ کی معیاری اور بروقت تعمیر، سی پیک میں حصہ، تعلیمی مسائل، صحت کے مسائل، ترقیاتی مسائل، توانائی کے مسائل اور دیگر عوامی مسائل کو حل کرنے میں پاکستان آرمی بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر کمانڈر ایف سی این اے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کا فخر ہے۔ یہاں کے عوام نے ہر محاذ پر پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ یہاں کے جذبہ حب الوطنی کی معترف ساری دنیا ہے۔ ملکی استحکام و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دنیا نے پاکستان آرمی کی طاقت و حکمت کا اعتراف کرلیا ہے۔ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر جنگ عوام کے شانہ بشانہ لڑی جائے گی۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پاکستان آرمی کا کردار صف اول کا ہوگا۔

 شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین  پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے  ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلسل شیعہ نسل کشی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا عندیہ دے دیا۔

علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان مسلسل فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ کے پی کے حکومت نے ڈی آئی خان کو دہشت گردوں کے رحم کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ایک ماہ میں تیرہ افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کا علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان گذشتہ کئی عرصے سے ملت جعفریہ کی مقتل گاہ بن چکا ہے،آئے دن بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے، ستم ظریفی یہ ہے کہ دہشتگرد اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردیوں میں ملبوس آتے ہیں،اور باآسانی واردات کرکے فرار ہوتے ہیں،ڈیرہ اسماعیل خان کے تحصیل پروہ میں دہشتگردوں نے پولیس وین پر حملہ کیا ایس ایچ اور کو شہید کیا اور ساتھ میں پمفلٹ بانٹ کر گئے جس میں باقاعدہ یہ درج تھا کہ ہم شیعہ آبادیوں اور افراد کو نشانہ بنائیں گے۔

علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈیرہ ااسماعیل خان کے رہائشی ایک کرب کے عالم میں زندگی گزار نے پر مجبور ہیں۔گزشتہ رات ہی ڈیرہ اسماعیل خان میں تین موٹر سائیکلوں پر سوار دہشتگرد وں نے تحصیلدار حق نواز کے جواں بیٹے کو اغوا کرنے کی کوشش کی مزاحمت پر انکے دو چچا شہید اور بھائی کو زخمی کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے ڈیرہ میں ہی ذاکراہلِ بیتؑ قیصر شائق جو کہ ٹی ایم اے کے ملازم تھے کو بھی دن دیہاڑے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا اور قاتل باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

خیبر پختونخواہ میں جاری اس دہشتگردی کی لہر کو روکنے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔ایک طرف نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد کی باتیں ہو رہی ہیں تو دوسری طرف ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کا قتل عام جاری ہیں۔راوالپنڈی چاندنی چوک پر بھی بھرے بازار میں خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کوکل رات گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قتل کے محرکات کو بھی سامنے لائیں۔

علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہم مکمل بے رحمانہ فوجی آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیںاور پولیس کی صفوں میں موجود دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں ،جن کے بارے میں خود حکومتی رپورٹس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم ایک بار پھر سے اپنے مطالبات کے لئے سٹرکوں پر نکل آئیں ۔ریاست عوام کی جان مال کی تحفظ کے ذمہ دار ہیں
وزیر اعظم خود اس ظلم بربریت پر ایکشن لیں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مظلومین کو تحفظ فراہم کریں۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  علامہ احمد اقبال رضوی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء اور ترقی ڈیموں کی فوری تعمیر سے جڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  علامہ احمد اقبال رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کی دھمکی ناقابل برداشت ہے۔ سندھ طاس معاہدے کے ضامن اقوم متحدہ اور ورلڈ بنک بھارتی دھمکی کا نوٹس لیں، الیکشن میں اپنی عوام کو متاثر کرنے کے لئے انتہا پسند بی جے پی علاقائی امن و سلامتی کو داو پر لگانے کو تل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے دریاؤں کا پانی روکنے کی بات کر رہا ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد ہندوستان سندھ طاس معاہدے کے برخلاف اقدامات کر سکتا ہے، جو کہ ایک نئی کشیدگی کو جنم دے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان اسرائیل اور امریکہ سمیت افغانستان کی بھارت نواز حکومت خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ ہندوستان ایک طرف افغانستان سے پاکستان داخل ہونے والے پانیوں پر ڈیم بنا رہا ہے اور دوسری طرف سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کر رہا ہے۔ ہمارے ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے گذشتہ سیاسی ادوار میں نہایت غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کا خمیازہ اب ہم بھگت رہے ہیں۔ ڈیم بناؤ مہم کی رفتار کو بڑھانا ناگزیر ہوچکا ہے۔ عوام بڑھ چڑھ کر اس مہم میں حصہ لے، تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کو خوشحال پاکستان کا تحفہ دیں سکیں۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  علامہ اقتدار حسین نقوی مجلس وحدت مسلمینجنوبی پنجاب کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، دشمن اس وقت پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے کوشش کر رہا ہے، ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن بی زیڈ یو کے صدر محمد حر غوری کے والد استاد نذر حسین غوری مرحوم کی قل خوانی کے ایک بڑے اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اُنہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ امت مسلمہ کے خلاف ہے، جس کی زندہ مثال کشمیر، فلسطین سمیت دیگر مسلم ممالک اور وطن عزیز پاکستان میں بھارتی جارحیت ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو جائے اور اسوہ شبیری کا کردار ادا کرے، پوری پاکستانی قوم ملک کے دفاع کے لئے حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت نے اگر کوئی مذموم حرکت کی تو وطن کے دفاع کے لئے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالم انسانیت اور عالم اسلام کی جانب سے مذمت کرنے کا وقت ختم ہوچکا ہے اور اب عملی اقدامات کا وقت آچکا ہے۔ ستر سالوں سے قبلہ اول غاصب صیہونیوں کے قبضے میں ہے اور بے گناہ فلسطینیوں کے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔ اسرائیل جارحیت و مظالم کو روکنے کے لیے مسلمانوں کو متحد ہو ر فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل عالم اسلام کے قلب پر خنجر کی مانند ہے۔ اسرائیل ایک ایسا ناسور ہے جس سے نہ صرف مشرق وسطیٰ کے لیے خطرہ لاحق ہے بلکہ عالم انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ستر سالوں سے مسئلہ فلسطین پر اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ او آئی سی بھی مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ نظر نہیں آتی۔ اسرائیلی مظالم پر خاموش رہنے اور اسرائیل کے ساتھ خفیہ طور پر سفارتی تعلقات قائم رکھنے والے نام نہاد اسلامی ممالک کا ہاتھ بھی مظلوم فلسطینیوں کے خون سے رنگین ہے۔ پاکستان کو بھی عالمی سطح پر سرائیل پر دباو بڑھانے اور مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوشش جاری رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یوم القدس یوم مستضعفین جہان ہے اور فلسطین مسلمان مزاحمت و مقاومت کا استعارہ ہے۔ انکی مزاحمت سے پوری دنیا کے مظلومین کو درس حریت و مقاومت ملتا ہے۔ آج کشمیر کے مظلومین ہو یا یمن و بحرین کے مظلومین ان سب کے لیے فلسطین مزاحمت کے لیے سر مشق ہے۔ انکی نہ تھکنے والی جدوجہد سے دوسرے مظلومین کے لیے توانائی ملتی ہے۔ آج فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ دنیا کے بھر مظلومین کے حق میں آواز بلند کرنا یوم القدس کا اصل فلسفہ ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ہمیں فلسطین کے ساتھ کشمیری مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔ انڈیا جہاں اسرائیل کا اتحادی ملک ہے وہیں ہندوستان جنوبی ایشیاء میں اسرائیل کا کردار ادا کررہا ہے۔ ہندوستان کی ظالمانہ تاریخ بھی ستر سالوں پر محیط ہے۔ امریکہ و اسرائیل جنوبی ایشیاء میں اپنے ایجنڈے ہندوستان کے ذریعے مکمل کرنا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی آمد پر ہندوستانی عوام نے احتجاج کر ے اپنی ریاست کو پیغام دیا کہ عوام انسانیت پر جاری مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری اطلاعات سید احسن عباس رضوی نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بجلی کی طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ خصوصاً کراچی میں جاری بجلی کے مصنوعی بحران کا جلد خاتمہ نہ ہونے کی صورت میں پہلے مرحلے میں آگہی و تشہیری مہم اور دوسرے مرحلے میں احتجاجی مہم کا آغاز کریں گے، انہوں نے وفاقی وزیر بجلی و پانی اور چیف جسٹس آف پاکستان سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں احسن رضوی نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کی بجائے آئے دن ان کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، کراچی میں گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی بارہ بارہ گھنٹے بجلی کی بندش حکومت کی ’’مثالی کارکردگی‘‘ پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے اور کے الیکٹرک کی ’’مہربانیاں‘‘ طلباء و طالبات کی تیاری کے دوران ان کیلئے درد سر بنی ہوئی ہیں۔

احسن عباس رضوی نے کہا کہ ناعاقبت اندیش حکمرانوں اور کے الیکٹرک انتظامیہ نے گذشتہ سالوں میں ہیٹ اسٹروک اور لوڈشیڈنگ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے سبق نہیں سیکھا، عوام کو صاف پانی، بجلی، گیس، صحت و صفائی اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی آئنی ذمہ داری ہے، لیکن ہر دور میں بے حس حکمرانوں نے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے بجائے انہیں اخباری دعوؤں تک ہی محدود رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جماعت ہونے کی دعویدار پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے عوام کیلئے کھڑی کی جانے والی مشکلات آئندہ عام انتخابات میں جماعت کی مقبولیت کیلئے سخت نقصان دہ ثابت ہوں گی۔ رہنما ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دورہ بھارت سے وطن عزیز پاکستان اور امت مسلمہ کے خلاف نئی سازش کی بو آرہی ہے، سر زمین کشمیر اور فلسطین پر قابض غاصب ریاستوں کا گٹھ جوڑ، امت مسلمہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام دشمن عزائم کے بعد، دو اسلام دشمن اور پاکستان دشمن ریاستوں کی قربت ہمیں بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ بھارت کے خلاف، ہندوستانی مسلمانوں نے احتجاج کرکے غیرت ایمانی کا ثبوت دیا ہے، پاکستان کے غیور عوام بھی فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے، ہم اس منحوس مثلث کے خلاف اب بھی بھرپور آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے وطن کے باوفا بیٹوں اور غیور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم کے چھ روزہ دورے اور اسلام دشمن منصوبوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کشمیر اور فلسطین ضرور آزاد ہوگا اور ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹائون کا لہو رنگ لائے گا، جس معاشرے میں انصاف ناپید ہو وہاں حصول انصاف کی جدوجہد میں ساتھ دینا اور ظالموں کو انجام تک پہنچانا ہر ذی شعور انسان پر فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور وزیرقانون بلوچستان سید محمد رضا نے عوامی خدمت میں مثالی کردار ادا کیا، انہوں نے آج ہماری قیادت اور کارکنان کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں،ان شاءاللہ قومی سیاست میں مجلس وحدت مسلمین مستقبل میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور آل شریف عوام کو ریلف دینے میں ناکام ہو چکے ہیں، قصور میں مظلوم ننھی بچی زینب کے قاتل کا تاحال سراخ نہ ملنا پنجاب حکومت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، ہم مظلوموں کی حامی جماعت ہیں، مظلوم خواہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو ہم اس کے مددگار ہیں اور ظالم خواہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو اس کے کیخلاف قیام کرنا ہمارا دینی اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے اور یہی مجلس وحدت مسلمین کا منشور بھی ہے۔