
ایران کو پُرامن جوہری تنصیبات رکھنے کا حق حاصل تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، روس
شیعہ نیوز:روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے ایران کے پُرامن جوہری تنصیبات رکھنے کے حق پر زور دیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے ’تاس‘ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جوہری خطرہ کوئی مفروضہ نہیں بلکہ حقیقی اور عملی پہلو رکھتا ہے، جو نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرے کا باعث ہے۔
انہوں نے اسپوتنک ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ نہ صرف کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے، بلکہ خطے اور دنیا کے لیے براہ راست خطرہ بن چکا ہے، کیوں کہ پُرامن ایٹمی یا جوہری تنصیبات پر حملے کیے جا رہے ہیں، جوہری خطرہ مفروضاتی نہیں بلکہ عملی حقیقت بن چکا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کو پُرامن جوہری تنصیبات رکھنے کا حق حاصل تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، اور یہ تنصیبات اب حملوں کی زد میں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 12 گھنٹے میں یہ روس کی جانب سے خطے کی صورتحال پر دوسرا اہم بیان ہے۔
اسرائیل نے 13 جون کی رات ’آپریشن رائزنگ لائن‘ کا آغاز کیا، جس کا ہدف ایران کا جوہری پروگرام تھا، اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک دن سے بھی کم وقت میں اس کا جواب دیا۔
اگلے چند دنوں میں اسرائیل اور ایران کے درمیان دوبارہ حملوں کا تبادلہ ہوا، دونوں جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاع دی گئی، اور تسلیم کیا گیا کہ ان کی سرزمین پر کچھ مقامات نشانہ بنے، تاہم دونوں نے دعویٰ کیا کہ نقصان محدود رہا۔