کراچی سنٹرل جیل سے لشکر جھنگوی کے قیدی فرار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سنٹرل جیل کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد قیدیوں کے فرار پر گرفتار پولیس افسران کو 6 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سنٹرل جیل سے خطرناک قیدیوں کے فرار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ جیل غلام مرتضیٰ، عبدالرحمان شیخ سمیت 14 ملزمان کو 6، 6 سال قید کی سزا سناتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ دیگر مجرموں میں جیل افسران فہیم انور، سالک ایاز اور رفیق چنا سمیت 14 مجرمان شامل تھے، یہ لوگ ضمانت پر رہا تھے اور فیصلہ آنے کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔
واضح رہے کہ 13 جون 2017ء کو سنٹرل جیل سے کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی کے دو کارندے شیخ ممتاز عرف فرعون اور احمد خان عرف منا فرار ہوگئے تھے، رینجرز اور پولیس نے غفلت کے الزام میں جیل افسران کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔