
بلدیاتی انتخابات کراچی کی موجودہ ابتر صورتحال کی بہتری کا واحد حل ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولیٹکل سیکریٹری میر تقی ظفر نے کہا ہے کہ کراچی کی موجودہ ابتر صورتحال کی بہتری کا واحد حل فوری بلدیاتی انتخابات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سیل کو جاری بیان میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولیٹکل سیکریٹری میر تقی ظفر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت فوری بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی موجودہ ابتر صورتحال کی بہتری کا واحد حل فوری بلدیاتی انتخابات اور بااختیار بلدیاتی نظام میں مضمر ہے۔ ایم ڈبلیو ایم ایسا بلدیاتی سیٹ اپ چاہتی ہے جس میں وسائل اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں، عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں، صفائی ستھرائی، صحت اور تعلیم کے مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کو خاطر خواہ فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ وہ بہتر انداز میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرسکیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں شیعہ مسنگ پرسنز کے معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے
میر تقی ظفر نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے پیش کردہ بلدیاتی نظام کا بل متنازعہ ہوچکا ہے، اکثریتی جماعتیں اس بل پر تحفظات رکھتی ہیں، ایسا بلدیاتی نظام متعارف کرایا جائے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے قابل قبول اور عوامی مفاد کے پیش نظر ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوکل باڈی الیکشن پینل وائز منعقد کئے جائیں اور ایک ووٹ ایک پینل کیلئے مخصوص ہو۔