لندن برج پر حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) برطانیہ کے لندن برج پر چاقو حملےکی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعے کو عثمان خان نامی ایک اٹھائیس سالہ جوان نے چاقو سے لندن برج پر عوام کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
اس حملے میں دو شخص ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ لندن پولیس نے حملہ آور کو جو ایک نقلی خود کش جیکیٹ پہنے ہوئے تھا ، گولی مار کر ہلاک کردیا۔
لندن برج پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے ہوئی تھی جو پہلے بھی لندن اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی سازش میں جیل کاٹ چکا تھا اور دسمبر 2018 میں رہا ہوا تھا۔
عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن میں دو افراد کو قتل کرنے والا ہمارا جنگجو تھا۔
برطانیہ میں گذشتہ برسوں میں کئی دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں ان حملوں میں دسیوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں ۔
برطانیہ سمیت یورپی ممالک نے مشرق وسطیٰ خاص طور سے شام میں موجود دہشت گردوں کو مدد پہنچانے کے لئے اب تک کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے اور اب یورپ کو داعش دہشت گردوں کی وطن واپسی اور دہشت گردانہ کارروائیوں کا سامنا ہے۔