
ملتان، انتظامیہ کے شدید دبائو کے باوجود علامتی ”فاطمیہ واک ”کا انعقاد
شیعہ نیوز: ملتان انتظامیہ کے شدید دبائو اور پولیس گردی کے باوجود اربعین کونسل پاکستان کی جانب سے یوم شہادت سیدة النساء العالمین کے موقع پر علامتی ”فاطمیہ واک” کا انعقاد کیا گیا، واک حیدریہ چوک نزد فاطمہ پارک سے شروع ہوئی مسجد حیدریہ، لطیف چوک، باٹاچوک سے ہوتی ہوئی واپس امام بارگاہ حیدریہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ قبل ازیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے منتظمین واک پر شدید دبائو ڈالا گیا اور اُن کے گھروں پر بھاری بھرکم پولیس نفری کے ہمراہ گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے، تاہم اس کے باوجود خواتین اور مردوں نے علامتی واک کی۔ واک کے شرکاء نے لبیک یازہرا، سلام یازہرا، لبیک یاحسین کے شعار بلند کیے، خواتین نے ہاتھوں میں علم حضرت ابوالفضل العباس اُٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ حکام اور بھاری نفری موجود تھی جو شرکاء کو آگے بڑھنے سے روک رہے تھے۔