ایران میں قائم پاکستانی سفارتخانہ زائرین کو سہولیات مہیا کرے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایران میں کوروناوائرس کی رپورٹ کے بعد بلوچستان حکومت کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتان بارڈر کی بندش سے ایران میں موجود پاکستانی زائرین شدید مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ مقامات مقدسہ کا زمینی راستے سے سفر کرنے والے زائرین کی اکثریت کا تعلق متوسط طبقے سے اور ان کے وسائل محدود ہوتے ہیں۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ ایران میں قیام اگر طوالت اختیار کرلیتا ہے تو انہیں رہائش اور طعام جیسی مشکلات کا یقیناًسامنا ہو گا۔ان زائرین کو بے یارومددگار نہ چھوڑا جائے۔ ایران میں موجود پاکستانی سفارت خانے کو ان زائرین کی مدد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خاطر خواہ انتظامات کرنے ہوں گے۔ایران میں موجود پاکستانی زائرین کے لیے امدادی سرگرمیاں موجودہ حالات کا تقاضہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کو بنیاد بنا کر مقامات مقدسہ جانے والے زائرین کی آمدورفت کو وقتی ضرورت کے تحت موخر تو کیا جا سکتا ہے لیکن اسے بے جا طوالت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان سے ایران،عراق جانے والے زائرین پر پابندی کو تمام پہلوؤں سے بغور دیکھا جارہا ہے۔ پاکستان ہر شہری کی صحت و سلامتی بلاشبہ مقدم ہے لیکن ان تمام امور میں نیک نیتی شرط اول ہے۔دنیا کے باقی ممالک سے اگر ایران میں آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو پھر پاکستانی حکومت کو بھی اپنے فیصلہ پر فوری طور پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔