فلسطین سے وفاداری جاری رہے گی، نئے امیر کویت کا اعلان
شیعہ نیوز : کویت کے نئے امیر نے حماس کے پولیت بیورو کے چیف اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فونی گفتگو میں مسئلہ فلسطین کی حمایت کے بارے میں کویت کے مرحوم امیر کے راستے کو جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے نئے امیر کویت نواف الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلیفونی رابطہ کیا اور کویت کے مرحوم امیر صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر ان کو تعزیت پیش کی۔
قدس پریس کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں مسئلہ فلسطین اور فلسطینی قوم کی حمایت میں مرحوم امیر کویت اور ان کے ملک کے موقف کی یاد دہانی کرائی۔
نئے امیر کویت نے بھی کہا کہ کویت امت مسلمہ کے اہم مسائل خاص طو پر مسئلہ فلسطین پر وفادار رہے گا۔
انہوں نے تاکید کی کہ مسئلہ فلسطین کی حمایت میں مرحوم امیر کی میراث اور ان کا راستہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ امیر کویت شیخ صباح کا کل منگل کے روزامریکہ کے ایک اسپتال میں 91 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔
مرحوم شیخ صباح کی پیدائش 16 جون 1929 کو ہوئی تھی۔ قومی اسمبلی سے منظوری ملنے کے بعد 29 جنوری 2006 کو انہوں نے ملک کے حکمراں کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ وہ شیخ احمد الجابر الصباح کے چوتھے بیٹے تھے۔
طویل عرصے تک تیل سے مالا مال ملک کویت کے وزیر خارجہ کے عہدے کے دوران شیخ صباح نے علاقائی بحران کے حل کے لئے بہت کوشش کی اور وہ علاقے کے ایک ثالث کے طور پر جانے جاتے تھے۔
انہوں نے قطر اور دیگر عرب ممالک کے درمیان تنازع کے حل کے لئے بھی کوششیں کیں جو ان کی موت سے پہلے تک جاری رہیں۔