سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے تعلقات میں نظر ثانی کروں گا، جو بائیڈن
شیعہ نیوز : امریکہ کے ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار نے کہا ہے کہ صدارتی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے تعلقات میں نظر ثانی کروں گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ 3 نومبر 2020 کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے تعلقات میں نظر ثانی کروں گا اور یمن کی جنگ میں امریکی حمایت سے ہاتھ کھینچ لوں گا۔
جو بائیڈن نے اسی طرح استنبول میں سعودی سفارتخانے میں صحافی جمال خاشقجی کے بہیمانہ قتل کی جانب بھی اشارہ کیا۔
متعدد عالمی تنظیموں نے بارہا صحافی جمال خاشقجی قتل کیس کی آزانہ تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ کیا، تاہم قتل کی اصل ملزم آل سعود نے اسے مسترد کرتے ہوئے خود ہی ایک عدالت سجا کر ملزموں کے خلاف کارروائی کی۔
خیال رہے کہ واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ 59 سالہ جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر 2018 کو ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصلیٹ اندر قتل کر کے ان کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئے گئے تھے۔ مقدمے میں نامزد تمام ملزمان سعودی شہری ہیں۔