حکومت نے ٹیکسز کا ایک بڑا بوجھ غریب پاکستانیوں کے کندھے پر ڈالا ہے، علامہ علی حسنین
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے بجٹ میں غریب پر ٹیکسز کی بھرمار کرکے سرمایہ داروں کو تحفظ دینے کی کوشش کی ہے۔ عام آدمی کو ریلیف کی ضرورت ہے، تاہم حکومت کے ظالمانہ اقدامات عام پاکستانی کی زندگی مزید دشوار کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ٹیکسز کا ایک بڑا بوجھ غریب پاکستانیوں کے کندھے پر ڈالا ہے۔ جہاں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف ملنا چاہئے تھا ایسی دشوار گھڑی میں ان پر اضافی ٹیکسز کا بوجھ ڈالا گیا ہے، جو ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں پر ٹیکسز میں مزید اضافہ کے اقدام سے سرمایہ داروں کی حفاظت کی مہک آ رہی ہے۔ اس مہنگائی میں غریب پہلے ہی پس رہے تھے، رہی سہی کسر وفاقی بجٹ نے پوری کر دی۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء نے کہا کہ مخصوص سرمایہ دار طبقے کو بجٹ میں دی جانے والی چھوٹ اور بے جا مراعات کے منفی اثرات رونماء ہونگے اور پاکستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ان مراعات کا خمیازہ بھی عام آدمی کو ہی بھگتنا پڑے گا، جس پر ٹیکسز لگائے گئے ہیں۔ حکومت شاہ خرچیوں اور بے جا اخراجات سے گریز کرکے غریب عوام کی زندگی آسان بنانے پر توجہ دیں۔